بسنت کے علاوہ صوبہ بھر میں پتنگ بازی پر سخت پابندی برقرار رہے گی:سیکرٹری داخلہ پنجاب

پتنگ بازی کیلئے چھتوں کی دیواریں اور گرِل ساڑھے 3 فٹ بلند ہونا لازم، 31 دسمبر تک حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

Sep 10, 2026 | 13:01:PM
بسنت کے علاوہ صوبہ بھر میں پتنگ بازی پر سخت پابندی برقرار رہے گی:سیکرٹری داخلہ پنجاب
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قیصر کھوکھر)سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق لاہور میں محفوظ بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منعقد ہوگی، جبکہ مقررہ تین دنوں کے علاوہ صوبہ بھر میں پتنگ بازی پر سخت پابندی برقرار رہے گی۔

اجلاس میں بسنت کے موقع پر انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے جامع حفاظتی اقدامات کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی،سیکرٹری داخلہ نے واضح کیا کہ شہر میں کسی غیر محفوظ یا ناپائیدار چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری حفاظتی ہدایات کے مطابق بسنت کے دوران پتنگ بازی کیلئے استعمال ہونے والی چھتوں کی دیواریں اور گرِل کم از کم ساڑھے 3 فٹ بلند اور مضبوط ہونا لازم قرار دیا گیا ہے، چھت کی پائیداری اور محفوظ ہونے کی ذمہ داری مالک مکان پر عائد ہوگی، جبکہ اجازت یافتہ مقامات پر چھتوں، منڈیروں اور سیڑھیوں کی ضروری مرمت بسنت سے قبل مکمل کرنا ہوگی، عمارتوں کے مالکان کو 31 دسمبر 2026 تک تمام حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سیکرٹری داخلہ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا مکمل معائنہ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر تسلی بخش رپورٹ کی صورت میں کمزور عمارت یا غیر محفوظ چھت پر پتنگ بازی پر پابندی عائد کی جائے، بجلی کی تاریں چھت کے قریب ہونے کی صورت میں عمارت کا مالک بسنت سے قبل انہیں محفوظ بنانے کا پابند ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی ریال مزید سستا! پاکستانیوں نے خریداری تیز کردی

اجلاس میں بتایا گیا کہ سٹی ٹریفک پولیس لاہور بسنت سے قبل 20 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر مفت سیفٹی راڈز نصب کرے گی، ڈپٹی کمشنر لاہور مقررہ حدود کے مطابق پتنگ اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کیلئے رواں ماہ اجازت نامے جاری کریں گے، جبکہ حکومت کی اجازت سے قبل پتنگوں اور ڈور کی تیاری، ترسیل یا فروخت پر سخت کارروائی ہوگی۔

سیکرٹری داخلہ نے لیسکو کو تمام متعلقہ تنصیبات کو بروقت نیٹ کے ذریعے محفوظ بنانے کی ہدایت کی، بسنت کے دوران پی ایچ اے شہر کے درختوں اور لیسکو کے کھمبوں و تاروں سے پتنگیں محفوظ انداز میں اتارنے اور تلف کرنے کا پابند ہوگا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بسنت کے ایام میں عمارتوں کی لفٹس کیلئے سیفٹی سرٹیفکیٹ کا حصول لازم ہوگا اور چھتوں پر آتش گیر مواد رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام اجازت یافتہ پتنگ بازی کے مقامات پر ابتدائی طبی امداد کا سامان بھی لازمی طور پر موجود ہوگا۔

سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ پتنگ بازی کے دوران بچوں کی حفاظت والدین، سرپرستوں اور منتظمین کی اولین ذمہ داری ہوگی، جبکہ چھتوں پر بچوں اور دیگر شرکاء کیلئے تمام حفاظتی انتظامات یقینی بنانا مالکان اور منتظمین کی مشترکہ ذمہ داری ہے،اہل علاقہ اور عوام الناس کیلئے پریشانی، ہراسگی یا غیر مہذب رویے پر بھی سخت پابندی ہوگی۔

مزید پڑھیں:نئے انتخابات کی آہٹ!سیاست میں ہلچل مچ گئی

ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کے مجاز افسران پتنگ بازی کیلئے استعمال ہونے والی چھتوں کا معائنہ کریں گے، ڈپٹی کمشنر کو ہدایات اور قانون کی خلاف ورزی پر کسی بھی عمارت کو سیل کرنے کا اختیار ہوگا، بسنت کے موقع پر کسی حادثے، جانی نقصان، زخمی ہونے یا قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں عمارت کا مالک اور منتظم ذمہ دار ہوگا۔

سیکرٹری داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ انسانی جان کو تفریح پر فوقیت دی جائے اور تمام قوانین و حفاظتی ہدایات کی مکمل پاسداری کی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ 12، 13 اور 14 مارچ 2027 سے قبل اور بعد میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی برقرار رہے گی، مقررہ تاریخوں کے علاوہ پتنگ بازی کرنے پر 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، جبکہ حکومتی اجازت سے قبل پتنگوں اور ڈور کی تیاری، ترسیل یا فروخت پر 7 سال قید اور 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

شہری کسی بھی غیر محفوظ، غیر قانونی یا غیر مہذب سرگرمی کی اطلاع ایمرجنسی 15 پر دے سکتے ہیں۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، سی ٹی او لاہور، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل، ڈائریکٹر لاء، ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب کے علاوہ لیسکو، پی ایچ اے، والڈ سٹی اتھارٹی اور ایل ڈی اے کے افسران نے شرکت کی۔