وقت پر حلف نہ اٹھانے والے اراکین کی سیٹ خالی ہو جائے گی، صدر نےآرڈیننس پر دستخط کر دیئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن (تیسری ترمیم) آرڈیننس پر دستخط کردیئے جبکہ پاکستان کونسل آف ریسرچ برائے آبی وسائل (ترمیمی) آرڈیننس 2021 بھی جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت الیکشن (تیسری ترمیم) آرڈیننس ، 2021ء پر دستخط کر دیئے ہیں۔آرڈیننس کی مدد سے الیکشن ایکٹ 2017 ء کے سیکشن 72 میں ترمیم کی گئی ہے،جس کے تحت منتخب اراکین کو اجلاس کی پہلی نشست کے 60 دن کے اندر حلف اٹھانا ہوگا، اراکین کو آرڈیننس کے اطلاق کے 40 دن کے اندر حلف اٹھانا ہوگا،سینیٹ ، اسمبلی یا مقامی حکومت کیلئے منتخب اراکین کی نشست وقت پر حلف نہ اٹھانے کی صورت میں خالی ہو جائے گی۔
صدر عارف علوی نے پاکستان کونسل آف ریسرچ برائے آبی وسائل (ترمیمی) آرڈیننس 2021 ء بھی جاری کر دیا ہے۔پاکستان کونسل آف ریسرچ برائے آبی وسائل ، ایکٹ 2007 ء کے سیکشن 16 میں ترمیم کی گئی ہے،جس کے تحت کونسل کو ادارے کی بہتر کارکردگی اور فرائض کی انجام دہی کیلئے ملازمین کی تعیناتی کا اختیار ہوگا،کونسل کو کنٹریکٹ پر مشیر اور ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا بھی اختیار ہوگا۔
صدر عارف علوی نے محمد سعید اللہ کی ڈیپوٹیشن پر احتساب عدالت راولپنڈی کے جج کے طور پر تعیناتی کی سمری بھی منظور کر لی ہے۔صدر مملکت نے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے گریڈ 20 کے افسر خواجہ شوکت حسین کے خلاف سول سرونٹ (ای اینڈ ڈی ) رولز 2020 کے تحت کاروائی کرنیکی سمری کی بھی منظوری دے دی ہے۔اس کے علاوہ صدر عارف علوی نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل II- کوئٹہ نذر محمد کا استعفیٰ بھی منظور کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیب نے رانا ثنا اللہ کیخلاف انکوائری کی منظوری دیدی