بابراعظم بڑا پلیئر، سرفراز سے زیادتی ہوئی تو ازالہ کرینگے، ذکا اشرف 

ورلڈ کپ 2023ء میں ابھی وارم اپ میچ ہوا ہے، پلیئرز ایڈجسٹ ہو رہے ہیں، ٹیم کم بیک کرے گی، ابھی ورلڈ کپ چل رہا ہے، ہماری ساری دعائیں ٹیم کےساتھ ہیں، انٹرویو 

Oct 01, 2023 | 17:37:PM
بابراعظم بہت بڑا پلیئر، سرفراز احمد سے زیادتی ہوئی ہے تو ازالہ کریں گے، ذکاء اشرف 
کیپشن: ذکاء اشرف (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں بابراعظم بہت بڑا پلیئر ہے، سرفراز احمد سے زیادتی ہوئی ہے تو ازالہ کریں گے۔

ایک انٹرویو کے دوران ذکاء اشرف نے کہا کہ ورلڈ کپ 2023ء میں ابھی وارم اپ میچ ہوا ہے، پلیئرز ایڈجسٹ ہو رہے ہیں، ٹیم کم بیک کرے گی، ابھی ورلڈ کپ چل رہا ہے، ہماری ساری دعائیں ٹیم کےساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر اور ان کی ٹیم کو میرے آنے سے پہلے رکھا گیا تھا، غیرملکی کوچز سے معاہدے کی اگر پاسداری نہ کریں تو بورڈ کی بدنامی ہوتی ہے۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ مکی آرتھر نے وعدہ کیا ہے کہ وہ پورے ورلڈ کپ اور دورہ آسٹریلیا میں دستیاب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے بعد تبدیلی ہوگی یا نہیں، اس پر میں ابھی کوئی بات نہیں کروں گا، میگا ایونٹ کے بعد ٹیم کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور پھر دیکھیں گے کہ کیا کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ورلڈ کپ کیسے جیتا جائے، سابق کپتان نے بتا دیا

ذکاء اشرف نے کہا کہ بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی ٹاپ پلیئرز ہیں جو پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں، لیگ کرکٹ کی چمک دمک سے انٹرنیشنل ٹیموں کو مشکلات ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگریز کا فیصلہ میں نے نہیں کیا، کرکٹ کے فیصلے کرکٹرز کرتے ہیں، پلیئرز کو زیادہ پیسے اس لیے ہی دیے ہیں کہ وہ پاکستان ٹیم کو ترجیح دیں۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ اگر سرفراز احمد یا کسی پلیئر کے ساتھ ناانصافی ہوئی تو ازالہ ہوگا، اگر کسی سے کوئی غلط فیصلہ ہوا ہے تو اس کو ٹھیک کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اے کیٹیگری میں رہنے کیلئے پلیئر کو پرفارم کرنا ہوگا، نہیں تو وہ بی میں آجائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ میرا انضمام الحق سے احترام کا رشتہ ہے، کچھ وہ ہماری مانتے ہیں اور کچھ ہم ان کی مانتے ہیں، بڑے بڑے کرکٹرز سے بات کی، وہ پی سی بی میں کام کیلئے بھاری معاوضے طلب کرتے ہیں۔