افغانستان ۔۔ گیسٹ ہاﺅس پر خودکش حملہ۔۔30افرادجاں بحق۔۔پاکستان کی مذمت

May 01, 2021 | 21:59:PM
افغانستان ۔۔ گیسٹ ہاﺅس پر خودکش حملہ۔۔30افرادجاں بحق۔۔پاکستان کی مذمت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)افغانستان کے مشرقی صوبے لوگر میں ایک کار بم دھماکے میں تیس افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔جاں بحق ہونے والوں میں اسکول کے طلبہ بھی شامل ہیں۔پاکستان نے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق دھماکا افطار کے وقت رہائشی علاقے میں ایک گیسٹ ہاﺅس کے پاس ہوا۔یہ پرتشدد واقعہ امریکا اور نیٹو ممالک کی جانب سے یکم مئی سے افغانستان سے اپنی افواج کے انخلا کے باضابطہ آغاز سے محض ایک روز قبل پیش آیا ،افغانستان کی وزارت داخلہ نے ابتدائی طور پر دھماکے میں 21 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی جو اب تیس تک پہنچ گئی ہے۔ اس واقعے میں 80 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے بعض شدید زخمیوں کو علاج کے لیے کابل منتقل کیا گیا ہے۔ 
 اطلاعات کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب لوگ افطار کر رہے تھے۔ اس سے ایک گیسٹ ہاﺅس بری طرح متاثر ہوا ہے۔ مقامی حکومت نے اس طرح کے گیسٹ ہاﺅس طلبہ، مسافروں اور غریب افراد کی عارضی رہائش کے لیے تعمیر کیے ہیں اور عام طور پر یہ مفت دستیاب ہوتے ہیں۔

مقامی حکام نے بتایا کہ دھماکے میں ہائی اسکول کے بعض طلبہ بھی جاں بحق ہوئے ۔ لوگر کونسل کے کے صدر حسیب اللہ ستنیک زئی کے مطابق یہ طلبہ یونیورسٹی کے انٹرینس ٹیسٹ کی تیاری کے لیے وہاں ٹھہرے ہوئے تھے۔ کار بم دھماکا اتنا زور دار تھا کہ گیسٹ ہاﺅس کی چھت زمین بوس ہو گئی۔ ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔ ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہے کہ اس دھماکے کا تعلق کسی بھی طرح سے بیرونی افواج کے انخلا سے ہے یا نہیں، تاہم اس تاریخ کے آنے سے پہلے ہی سے ماحول کافی کشیدہ رہا ہے۔ امریکا نے یکم مئی سے ہی اپنے فورسز کے انخلا کا عمل با ضابطہ طور پر شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 
 ادھر پاکستان نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔اپنے بیان میں ترجمان نے کہاکہ پاکستان افغانستان کے صوبے لوگر کے دارالحکومت پل علم میں دہشت گردی کے بہیمانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے جس میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور بہت سارے لوگ زخمی ہوئے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان دہشت گردی کے خلاف افغان بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بہ شانہ ہے۔ پاکستان امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ 
یہ بھی پڑھیں۔ کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کر گئی ۔۔مساجد میں اعتکاف پر پابندی