ایران اور اسرائیل کی بڑھتی کشیدگی، پاکستان میں پیٹرول بحران کا خدشہ؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان میں پیٹرول کی ممکنہ قلت سے متعلق خدشات پر ترجمان آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وضاحتی بیان جاری کر دیا ہے۔
ترجمان اوگرا کے مطابق ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور کسی ہنگامی قلت کا کوئی خطرہ نہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کا 28 دن کا ذخیرہ دستیاب ہے، جو ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے۔ مزید یہ بھی بتایا گیا کہ موجودہ اسٹاک معمول کی طلب سے زائد ہے اور سپلائی چین معمول کے مطابق کام کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی ایران کے صوبہ ہرمزگان میں واقع شہر میناب میں ایک اسرائیلی حملے نے لڑکیوں کے ایک ابتدائی اسکول کو نشانہ بنایا، جس میں چالیس طلبہ مارے گئے۔
ادھر وزارت دفاع متحدہ عرب امارات کے مطابق ابوظبی میں ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کے نتیجے میں گرنے والے ملبے سے ایک ایشیائی شہری ہلاک ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:خطے میں موجود امریکا کے 14 اڈوں پر حملوں میں سینکڑوں فوجی ہلاک ہوئے: پاسداران انقلاب
شمالی اسرائیل میں بھی ایرانی میزائل روکے جانے کے بعد ان کا ملبہ ایک 9 منزلہ عمارت پر گرا، جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص زخمی جبکہ عمارت کے ایک اپارٹمنٹ کو شدید نقصان پہنچا۔
بین الاقوامی میڈیا کی توجہ اس وقت ایران پر اسرائیل اور امریکا کے مبینہ مشترکہ حملوں اور اس کے ردعمل پر مرکوز ہے، رپورٹس کے مطابق ایران نے جواباً اسرائیل سمیت خلیجی ممالک میں قائم امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں قطر، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین شامل ہیں۔
تاہم تاحال مجموعی ہلاکتوں اور نقصانات کی مکمل اور آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے، جبکہ خطے کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔