امریکی اسرائیلی حملوں کو اعلان جنگ تصور کرتے ہیں ، ہمیں دفاع کا حق حاصل:امیر سعید ایروانی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے کہا کہ ایران پر حملے اقوام متحدہ کے چارٹرکی سنگین خلاف ورزی ہیں ،امریکا اوراسرائیل زبردستی ایرانی حکومت تبدیل کرنا چاہتے ہیں،امریکی اسرائیلی حملوں کو اعلان جنگ تصور کرتے ہیں ،عالمی قوانین کے تحت ہمیں دفاع کا حق حاصل ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل سے خطاب میں کہا کہ امریکی حکومت نے اسرائیل سے مل کر ایران کے خلاف بلااشتعال اور پیشگی منصوبہ بندی کے تحت جارحیت شروع کی،جان بوجھ کر بڑے شہروں میں رہائشی آبادی والے علاقوں پر حملے کیے۔
سفیر کا کہنا تھا کہ یہ صرف جارحیت نہیں بلکہ جنگی اور انسانیت کے خلاف جرم ہے، امریکا نے ایک افسوسناک معمول کے مطابق حقائق کو مسخ کرنے اور غلط معلومات پر انحصار کرنے کی کوشش کی تاکہ اس کھلی جارحیت کو جائز ٹھہرایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ حملے کی پیشگی ضرورت کا حوالہ دینا یا بلاثبوت فوری خطرے کے دعوے قانونی، اخلاقی اور سیاسی طور پر بے بنیاد ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای حملے میں شہید،ایرانی فوج کا بدلہ لینے کا اعلان
سفیر کا کہنا تھا کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں عام شہری مارے گئے،مناب شہر میں امریکی و اسرائیلی حملے میں 100سے زائد بچے شہید ہوئے۔