گھر کے مالکانہ حقوق کی اسناد کاغذ کا ٹکڑا نہیں،آپ کے مستقبل کا تحفظ ہے،آصفہ بھٹو

Aug 01, 2025 | 23:00:PM
گھر کے مالکانہ حقوق کی اسناد کاغذ کا ٹکڑا نہیں،آپ کے مستقبل کا تحفظ ہے،آصفہ بھٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)خاتونِ اول اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کا دن ہم سب کیلئے فخر کا دن ہے، گھر کے مالکانہ حقوق کی اسناد صرف ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں، بلکہ آپ کے مستقبل کا تحفظ ہے۔

نواب شاہ، شہید بینظیر آباد میں سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ایفیکٹیز منصوبے کے تحت مالکانہ حقوق کی اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے تحت ایس پی ایچ ایف منصوبے کے تحت 21 لاکھ گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں، اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہر گھر کی زمین اس گھر کی خاتون کے نام کی جا رہی ہے۔

آصفہ بھٹو نے کہا کہ یہ صرف ایک مکان نہیں، بلکہ آپ کیلئے اختیار، عزت اور تحفظ کی علامت ہے، نہ صرف آپ کے لیے بلکہ آپ کے بچوں کے لیے بھی۔

انہوں نے اس منصوبے کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی محنت، بصیرت اور عوامی سوچ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج تک کسی اور صوبے یا کسی اور سیاسی جماعت نے اتنا بڑا اور عوام دوست قدم نہیں اٹھایا۔

آصفہ بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وعدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ وعدہ تھا جو شہید بھٹو نے عوام سے کیا تھا کہ ہر شہری کو زمین، پناہ اور عزت دی جائے گی۔ آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس وعدے کو پورا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ آپ بھی محفوظ رہیں گے اور آپ کی آنے والی نسلیں بھی عزت اور وقار کے ساتھ زندگی گزاریں گی۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - سندھ
ٹیگز: