حنا جاوید کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچا کر عبرت کی مثال بنایا جائے، آصفہ بھٹو

Aug 23, 2026 | 19:18:PM
حنا جاوید کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچا کر عبرت کی مثال بنایا جائے، آصفہ بھٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری ایم این اے نے راولپنڈی میں خاتون حنا جاوید کے بہیمانہ قتل پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان سے اظہار یکجہتی کیا اور تعزیت کی ہے۔

 خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو  نے  پنجاب کی حکومت سے اس گھناؤنے جرم کی مکمل انکوائری اور مناسب تحقیقات کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور اس جرم میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچا کر عبرت کی مثال بنایا جائے تاکہ کسی کو ایسی حرکت دہرانے کی جرات نہ ہو۔ 

خاتون اول نے پاکستان میں ایسے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ خواتین کے تحفظ اور مستقبل میں ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے۔

حنیا جاوید کے قتل کا واقعہ

حنا جاوید کے قتل کے واقعہ کی اب تک سامنے آنے والی تفصیل یہ ہے کہ  راولپنڈی کے علاقہ لال کڑتی میں 45 سال کی خاتون کو ان کے گھر میں  بے رحمی کے ساتھ قتل کیا گیا تھا۔ اب یہ سامنے آ چکا ہے کہ تشدد کرنے کے بعد پھندا لگا کر قتل کرنے میں خاتون کا شوہر ملوث ہے۔

45 سالہ حنا جاوید کی لاش جمعرات کی صبح لال کرتی کے اپارٹمنٹ کے باتھ روم سے اس حالت میں برآمد ہوئی تھی کہ “دونوں ہاتھ پیچھے کپڑے سے بندھے ہوئے، منہ پر کپڑا دیا ہوا، اور گردن میں لپٹی تار اوپر نہانے والے شاور سے بندھی ہوئی تھی۔”

 قتل کی ایف آئی آر حنا جاوید کے بھائی فہد جاوید کی  درخواست پر تھانہ سول لائن میں درج ہوئی جس میں  حنا جاوید کے شوہر، سسر، اور گھریلو ملازم کو ملزم نامزد کیا گیا۔

پولیس نے مقتول خاتون حنا جاوید کے شوہر اور شوہر کے ملازم کو گرفتار کر رکھا ہے اور آلہ قتل برآمد کر چکی ہے۔