بینائی سے محروم افراد کیلئے جدید جوتے تیار

May 31, 2025 | 19:39:PM
 بینائی سے محروم افراد کیلئے جدید جوتے تیار
کیپشن: تصویر، فائل
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) ایک آسٹرین کمپنی نے نابینا، کمزور بینائی والے اور بزرگ افراد کیلئے ذہین جوتے تیار کر کے نئی مثال قائم کی۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریا کی اسٹارٹ اپ کمپنی  ٹیک انوویشن نے ایک انقلابی اسمارٹ جوتا متعارف کروایا ہے جسے انومیک (InnoMake) کا نام دیا گیا ہے، جو خاص طور پر نابینا، کمزور نظر رکھنے والے، بزرگ افراد اور یہاں تک کہ ایمرجنسی سروسز میں کام کرنے والوں کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں زیادہ محفوظ اور بااعتماد طریقے سے حرکت کر سکیں۔

انومیک جوتے کے اگلے حصے میں الٹرا سونک سینسرز لگے ہوتے ہیں جو 4 میٹر تک کی رینج میں موجود رکاوٹوں کو شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جیسے ہی کوئی رکاوٹ سامنے آتی ہے، جوتے کے اندر موجود وائبریشن یونٹ فوری طور پر کمپن کے ذریعے صارف کو خبردار کرتا ہے، یہ نظام موبائل فون کے ذریعے صوتی الرٹس اور ایل ای ڈی لائٹس کے ذریعے بصری اشارے بھی فراہم کرتا ہے۔

یہ اسمارٹ جوتا پانی اور گردوغبار سے محفوظ ہے اور اس میں بیٹری، فاصلے کا سینسر، حرکاتی ڈیٹیکٹر، ایل ای ڈی، اور اسمارٹ فون کنیکٹیویٹی شامل ہے، جسکو ایک مرتبہ چارج کرنے پر بیٹری ایک ہفتے تک چلتی ہے اور صرف تین گھنٹے میں مائیکرو یو ایس بی کے ذریعے مکمل چارج ہو جاتی ہے۔

یہ جوتا گراز یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے، جس میں آئندہ ورژن میں کیمرا اور ڈیپ لرننگ الگورتھم شامل کرنے پر کام جاری ہے، جو صارفین کیلئے راستے کی بہتر شناخت اور نیویگیشن میپ بنانے میں مدد دے گا، مزید یہ کہ انومیک جوتا اس وقت مارکیٹ میں دستیاب ہے اور اس کی قیمت تقریباً $3,886 (تقریباً 11 لاکھ پاکستانی روپے) ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں :ایشین اتھلیٹکس میں بھی ارشد ندیم کا گولڈ میڈل