سیاست میں ملوث نگران وزراء اور مشیروں کو ہٹایا جائے، الیکشن کمیشن

Jul 31, 2023 | 21:07:PM
سیاست میں ملوث نگران وزراء اور مشیروں کو ہٹایا جائے، الیکشن کمیشن
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) الیکشن کمیشن نے صوبائی وزراء اور مشیران کی سیاسی وابستگیوں کا سختی سے نوٹس لے لیا، سیکرٹری نے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خط لکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو لکھے جانے والے خط میں الیکشن کمیشن نے سیاست میں ملوث نگران وزراء کو ہٹانے کی درخواست کردی۔

نگراں وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کی جانب سے سیاسی سرگرمیوں اور سیاسی امور میں مداخلت کا نوٹس لیا گیا ہے۔

سیکریٹری نے خط کے متن میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹس میں آیا ہے کہ نگراں کابینہ کی سیاسی وابستگیوں کی بنیاد پر تقرری کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سیاسی وابستگی کی مثال سابق نگران وزیر شاہد خٹک کا کیس ہے، اس کے علاوہ اور بھی وزراء نے میڈیا میں اپنی پارٹی وابستگی تسلیم کی ہے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ شاہد خٹک نے اپنےعہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، تاہم کچھ وزراء مشیران اور معاونین سمیت دیگر کا رویہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے منافی ہے۔

مذکورہ خط کے متن میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ ہماری درخواست ہے کہ ایسے وزراء، مشیران اور معاونین کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا جائے۔

یاد رہے کہ سابق نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہد خٹک کے استعفے کے بعد اے این پی نے ان کے صاحبزادے جواد خٹک کو نگران کابینہ میں شامل کرنے پر غور کرنا شروع کردیا۔

کچھ روز قبل خیبرپختونخوا کے نگران وزیر شاہد خٹک کو ایک جلسے میں حصہ لینے کی خبر پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا سے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔

الیکشن کمیشن کے نوٹس کے بعد شاہد خٹک نے گزشتہ روز وزارت سے استعفی دے دیا تھا جسے نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان کی جانب منظور ہونے کا امکان ہے۔