ممنوعہ فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کے وکیل کو آخری موقع

May 30, 2023 | 12:10:PM
ممنوعہ فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کے وکیل کو آخری موقع
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خان) پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق شوکاز نوٹس پر الیکشن کمیشن نے دلائل دینے کیلئے پارٹی کے وکیل کو آخری موقع دے دیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے معاون وکیل نوید انجم الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جنہوں نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی۔

   دوران سماعت، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم آپ کی مرضی کی تاریخ دیتے ہیں، گزشتہ سماعت پر بھی انور منصور کی مرضی کی تاریخ دی گئی۔

پی ٹی آئی کے معاون وکیل نے کہا کہ انور منصور سندھ ہائیکورٹ میں ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں پیشی کا تو پھر کسی کو وقت نہیں ملے گا، 22 اگست کو کیس شروع ہوا اور ابھی تک چل رہا ہے، 10 ماہ بعد بھی کیس کی سماعت شروع نہیں ہوسکی، اس طرح کام نہیں چلے گا اور اس عمل کو کہیں روکنا ہوگا، خود پیش نہیں ہوسکے تو کم از کم جواب تو جمع کرائیں۔

یہ بھی پڑھیے: جے آئی ٹی نے آج عمران خان کو طلب کرلیا

معاون وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکان کو گرفتار کیا گیا اور پی ٹی آئی کے تمام عہدیدار روپوش ہیں، چھاپوں کے خوف سے پی ٹی آئی کے دفاتر بند ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس طرح تو پھر آئندہ جنرل الیکشن کے بعد تک سماعت ملتوی کر دیتے ہیں، الیکشن کمیشن مرکزی کیس میں فیصلہ سنا چکا ہے، آئندہ سماعت پر دلائل نہ دیے تو موجودہ ریکارڈ کی بنیاد پر فیصلہ سنا دیں گے۔

الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 6 جون تک ملتوی کردی۔