ائیربس کمپنی کا ہزاروں طیاروں کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنےکا فیصلہ، فضائی آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) یورپ کی ایوی ایشن کمپنی ایئربس نے اپنے انتہائی مقبول A320 فیملی کے تقریباً 6,000 طیاروں کی فوری مرمت کا حکم جاری کردیا، جو عالمی بیڑے کے نصف سے زیادہ حصہ بنتے ہیں۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا میں سال کے مصروف ترین سفری ہفتے کے دوران بڑی تعداد میں پروازوں کی روانگی متوقع ہے، جس کے باعث دنیا بھر میں فضائی آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ایئربس کی جانب سے جاری ہدایت کے مطابق زیادہ تر طیاروں میں سافٹ ویئر کو پرانی محفوظ ورژن پر واپس لانا ہوگا، یہ مرمت اگرچہ سادہ ہے اور تقریباً 2 گھنٹے میں مکمل ہوسکتی ہے، مگر جب تک اسے نافذ نہیں کیا جاتا، طیارے تجارتی پروازیں نہیں چلا سکیں گے۔
امریکا سے یورپ اور ایشیا تک ایئرلائنز مشکلات میں
دنیا کی سب سے بڑی A320 صارف ایئرلائن امریکن ایئرلائنز نے کہا ہے کہ اس کے 480 میں سے 340 طیارے اس مرمت کے تحت آئیں گے، جنہیں ہفتے تک سروس میں واپس لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جرمنی کی لوفتھانسا, بھارت کی انڈیگو، برطانیہ کی ایزی جیٹ اور کئی دیگر ایئرلائنز نے بھی خبردار کیا ہے کہ مرمت کے باعث پروازوں میں تاخیر یا کینسلیشن ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سکولوں کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری،وزیر تعلیم نے دل جیت لئے
کولمبیا کی ایئرلائن اوینکا نے کہا ہے کہ اس کے بیڑے کے 70 فیصد سے زائد طیارے متاثر ہیں، جس کے باعث اس نے 8 دسمبر تک ٹکٹوں کی فروخت روک دی ہے۔
خرابی کی وجہ کیا ہے؟
ایئربس کے مطابق حالیہ ایک واقعے سے انکشاف ہوا کہ سولر فلیئرز (سورج کے شعلے) طیارے کے اہم فلائٹ کنٹرول ڈیٹا کو متاثر کرسکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 30 اکتوبر کو جیٹ بلیو کی ایک پرواز میں یہی مسئلہ پیدا ہوا، جس کے بعد طیارہ اچانک نیچے آ گیا اور متعدد مسافر زخمی ہوئے، طیارے نے ہنگامی طور پر ٹیمپا (فلوریڈا) میں لینڈنگ کی۔
اس واقعے کے بعد فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے تحقیقات شروع کر دیں، جبکہ یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے ایئربس کی مرمت کو لازمی قرار دے دیا ہے۔
عالمی فضائی آپریشن پر دباؤ
ماہرین کے مطابق مرمت کا عمل مختصر ہے لیکن دنیا بھر میں پہلے ہی کئی ایئر بس طیارے انجن کی مرمت اور مینٹیننس کی قلت کی وجہ سے گراونڈ ہیں، جس سے ورکشاپس پر دباؤ بڑھ چکا ہے، ایسے میں اچانک 6 ہزار طیاروں کی مرمت کا حکم فضائی شعبے کے لیے بڑا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:زلزلے کے شدید جھٹکے ،عمارتیں لرز اٹھیں
برطانوی ایئرلائن ایزی جیٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے متاثرہ طیاروں کی مرمت مکمل کر چکی ہے، تاہم متعدد ایئرلائنز نے آئندہ 72 گھنٹوں تک تاخیر اور پروازوں کی منسوخی کا عندیہ دیا ہے۔