جنرل ہسپتال انتظامیہ اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کو یوم عاشور تک الرٹ رہنے کی ہدایت

محرم الحرام صبر وتحمل اورقربانی کا درس دیتا ہے: پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل

Jun 29, 2025 | 16:35:PM
جنرل ہسپتال انتظامیہ اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کو یوم عاشور تک الرٹ رہنے کی ہدایت
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نےلاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ اور ہیلتھ کئیر پروفیشنلز کو یوم عاشور تک الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہاہے کہ یوم عاشورہ ہمیں صبرو تحمل اور قربانی کا درس دیتا ہے اور ہمیں اس دن کی مناسبت سے اپنی ذمہ داریوں کا بھی احساس کرنا چاہیے، انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ، سٹاف اور شعبہ ایمرجنسی کے ملازمین کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 7جولائی تک شعبہ ایمرجنسی کے ملازمین میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی اجازت کے بغیر چھٹی نہیں کر سکیں گے جبکہ 9ویں اور10ویں محرم الحرام کو شعبہ حادثات میں اضافی عملہ تعینات ہوگا۔ 

پرنسپل پی جی ایم آئی نے ایل جی ایچ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عزاداروں کو فوری طور طبی امدادبہم پہنچانے کے لئے خصوصی انتظامات کیے جائیں اور عزاداروں کے لئے الگ بستر مختص کیے جائیں تاکہ ان ایام میں آنے والے دیگر مریضوں کا علاج معالجہ بھی جاری رکھا جا سکے۔

پروفیسر فاروق افضل نے اے ایم ایس فارمیسی کو شعبہ حادثات میں جان بچانے والی ادویات کا وافر سٹاک مہیا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے،انہوں نے انچارج بلڈ بینک سے بھی کہا کہ وہ یوم عاشور تک مختلف گروپس کے خون کا وافر مقدا رمیں سٹاک رکھیں تاکہ ضرورت پڑنے پر کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے،انہوں نے کہا کہ 5اور 6جولائی کو آؤٹ ڈور بند ہوگا اور یہاں کے عملے کی آؤٹ ڈور بند ہونے کے باعث ایمرجنسی میں ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:سابق وفاقی وزیر تہمینہ دولتانہ کی طبیعت ناساز،سرجری کامیاب

ایم ایس پروفیسر فریاد حسین نے کہا کہ جنرل ہسپتال ہر سال کی طرح اس سال بھی 10محرم الحرام کے موقع پر کسی بھی صورتحال کے لئے اپنے انتظامات مکمل رکھے گا اور بالخصوص زائرین کے لئے بہترین طبی سہولتوں کا بندوبست یقینی بنایا جائے گا،انہوں نے ہسپتال کے سکیورٹی سٹاف کو بھی ہدایت کی کہ وہ عاشورہ کے دوران خصوصی طور پر چوکس رہیں اور اپنے فرائض پوری تندہی کے ساتھ سر انجام دیں تاکہ ہسپتال میں آنے والے زائرین اور مریضوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ شعبہ ورکس کو بھی جنریٹر آپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تینوں شفٹوں میں ملازمین ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ انہوں نے واضح کہا کہ اگر ان ایام میں کوئی ملازم ڈیوٹی سے غیر حاضر ہوا تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔