’’اپنامیٹر،اپنی ریڈنگ‘‘سمارٹ ایپ متعارف،بجلی کے بلوں سے ٹی وی فیس ختم
میٹر ریڈنگ سے متعلق شکایات موصول ہو رہی تھیں، کرپٹ مافیا کیخلاف مضبوطی کیساتھ اقدامات کئے،وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد میں پاور سمارٹ موبائل ایپ ’’ اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘‘ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، موبائل ایپ کا مقصد میٹر ریڈنگ کے نظام میں شفافیت اور اووربلنگ کا خاتمہ ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ منصوبے کا باضابطہ اجراء باعث اطمینان ہے، یہ اقدام شہریوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی اصلاحات کی جانب اہم سنگ میل ہے، محکمہ بجلی میں بے پناہ اصلاحات کی گئیں لیکن ابھی اس سے بھی زیادہ سفر طے کرنا ہے، پورے پاکستان میں ڈسکوز بورڈز میں انقلابی تبدیلیاں کیں، ڈسکوز بورڈز میں میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیاں کیں، اصلاحات کا عمل آگے بڑھانے کیلئے وزیر توانائی اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ میٹر ریڈنگ سے متعلق بہت شکایات موصول ہو رہی تھیں، کرپٹ مافیا کے خلاف مضبوطی کے ساتھ اقدامات کئے،پچھلے دنوں ایک خدشہ تھا کہ بجلی کی بنیادی قیمتوں میں سالانہ ردوبدل کے موقع پر قیمتوں میں 50 سے 70 پیسے فی یونٹ اضافہ ہو سکتا ہے لیکن ہم نے یہ کوشش کی کہ یہ اضافہ عوام تک نہ پہنچنے دیں، اس حوالے سے میں آج ملک بھر میں بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی لائسنس فیس ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی آئی پی پیز کے ساتھ بیٹھ کر مثبت گفتگو کی جو بہت دشوار مرحلہ تھا، بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات اہم ترجیح تھی،انتھک محنت سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی کوششیں کامیاب ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بجلی کے شعبے میں منتقل کیا گیا،توانائی کے شعبے میں بجلی چوری اہم مسئلہ ہے، سالانہ 500 ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے، ہمیں تیزی سے بجلی کی چوری کو روکنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شمسی توانائی بجلی حاصل کرنے کا سستا ذریعہ ہے، پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں برق رفتاری سے سولرائزیشن ہو رہی ہے، جس کی حوصلہ شکنی نہیں کروں گا، حکومتی اداروں میں جو بجلی پیدا ہوتی ہے اس کی کھپت کم ہے، ہمیں اس کا حل ڈھونڈنا ہے تاکہ پاکستان میں خوشحالی کا سفر تیزی سے طے ہو۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپنا میٹر اپنی ریڈنگ کا اصل فائدہ عام صارف کو ہے، یہ ریفارم ایک انقلابی ٹیکنالوجی ریفارم ہے، چاہوں گا ’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘ ایپ کو پشاور سے کراچی تک گھر گھر متعارف کرائیں، وزیر توانائی اس ایپ میں مزید جدت پیدا کریں، اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ایپ کو 5 زبانوں میں متعارف کرایا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اووربلنگ سب سے بڑا مسئلہ رہا، گزشتہ سال اوور بلنگ کی مد میں 110 ارب روپے عوام کو واپس کئے،وزیراعظم نے خاص ہدایات دیں کہ کنزیومر کیلئےآسانی اورشفافیت لانی ہے، وزیراعظم نے کہا تھا میٹرریڈر کا اختیار عام آدمی کے ہاتھ میں دو، میٹر ریڈر اگر ایک دن دیر سے ریڈنگ کرے تو عام آدمی کا بل 2 ہزار سے 8 ہزار تک پہنچ جاتا ہے، ٹیکنالوجی پر انحصار کر کے شفافیت کو یقینی بنانا مقصود تھا۔
یہ بھی پڑھیں:آج کہاں کہاں بادل برسیں گے؟پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا
200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا بل تقریباً 2,330 روپے ہوتا ہے لیکن صرف ایک یونٹ کے اضافے پر سبسڈی ختم ہونے کے باعث بل 8,104 روپے تک جا پہنچتا ہے،اس ایپ کے ذریعے یہ یقینی بنایا جا سکے گا کہ مستحقین بروقت ریڈنگ فراہم کر کے اپنی سبسڈی سے مستفید رہیں،"اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ" جیسے فیچرز بجلی کے نظام میں نہ صرف شفافیت پیدا کریں گے بلکہ صارفین کو اس حد تک بااختیار بنائیں گے کہ وہ خود اپنی بلنگ کی نگرانی کر سکیں،اس سے اوور بلنگ، غیرضروری مداخلت اور شکایات میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔