صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا باجوڑمیں کامیاب آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدرِ آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت قابلِ تحسین ہے۔ صدرِ مملکت نے شہید میجر عدیل زمان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور صبرِ جمیل کی دعا کی اور کہا کہ میجر عدیل زمان کی جرأت اور وطن کیلئے عظیم قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن میں 5 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی اور جام شہادت نوش کرنے پر میجر عدیل زمان کو خراج تحسین کیا۔وزیر اعظم نے میجر عدیل زمان کی بلندی درجات کی دعا اور انکے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کاکہناتھا کہ آپریشن عزم واستحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ،ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کریں گے۔
ادھروفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی میجر عدیل زمان کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہید میجر عدیل زمان نےدلیری سے پانچ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور اپنی جان دے کر ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہید میجر عدیل نے اپنے خون سے شجاعت اور جرأت کی تاریخ رقم کی اور ایسے بہادر سپوتوں پر قوم کو ناز ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وکلا کا رجب بٹ پر تشدد ،یوٹیوبر کی اہلیہ حمایت میں سامنے آگئیں