پی ٹی آئی ملک دشمن بیانیہ ترک کرکے ریاست اور عوام کا مفاد مقدم رکھے:عطا تارڑ

Nov 28, 2025 | 12:10:PM
پی ٹی آئی ملک دشمن بیانیہ ترک کرکے ریاست اور عوام کا مفاد مقدم رکھے:عطا تارڑ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی  کی خاتون رہنما نے پاکستان دشمن میڈیا پر عمران خان سے متعلق گھٹیا مہم چلوائی۔

سماجی رابطوں  کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ‏پاکستان تحریکِ انصاف، بشمول خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی صاحب نے ایسا سیاسی طرزِ عمل اپنایا ہے جس میں صوبے کے عوام کو گورننس دینا پسِ پشت چلا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان سب کی پوری توجہ ایک غیر قانونی مطالبے پر مرکوز ہے کہ کرپشن کے کیس میں اڈیالہ جیل میں سزا کاٹنے والے بانی سے ہی سیاسی رہنمائی لی جائے، جو کہ جیل رولز کے خلاف ہے۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف ایک اہم صوبہ ہونے کے باوجود صوبائی حکومت کی ترجیحات امن، ترقی اور عوامی ریلیف کے بجائے اسی غیر قانونی بیانیے کے گرد گھومتی رہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ‏یہی نہیں، مبینہ طور پہ تحریکِ انصاف کی ایک خاتون سیاستدان نے انتہائی منفی حکمتِ عملی کے تحت افغانستان سے چلنے والے پاکستان دشمن اکاؤنٹس اور بھارتی میڈیا پر خان صاحب کے حوالے سے ایک گھٹیا مہم چلوائی جس سے پوری دنیا میں پاکستان کی بد نامی کرنے کی کوشس کی گئی۔ 

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں سردی کی لہر، کونسے علاقے زیادہ متاثر ہونگے؟

انہوں نے مزید کہا کہ یہ طرزِ عمل کھلی پاکستان دشمنی ہے، کیونکہ اس سے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، تحریکِ انصاف کو چاہیے کہ ملک دشمن بیانیے اور غلط ترجیحات ترک کر کے اب ریاست اور عوام کے مفاد کو مقدم رکھے۔