ملک بھر میں سردی کی لہر، کونسے علاقے زیادہ متاثر ہونگے؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں آئندہ دنوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں صبح و شام شدید ٹھنڈ کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان کے اضلاع میں درجۂ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے، اور کئی مقامات پر راتیں خاصی سرد رہیں گی۔
پی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں، بالخصوص اسلام آباد اور گردونواح میں صبح و شام دھند یا اسموگ چھانے کا امکان ہے، جس کی شدت آنے والے دنوں میں بڑھ سکتی ہے۔
پشاور، صوابی، مردان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی علی الصباح ہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب جنوبی پنجاب، سندھ اور وسطی بلوچستان میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح و شب کے دوران خنکی میں اضافہ متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عوام کیلئے بری خبر، کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 30 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر کے آغاز میں بلوچستان میں خشک سالی کی صورتحال میں واضح بہتری آنے کا امکان ہے، ادارے نے بتایا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران صوبے میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا پہلا بڑا اور طویل مرحلہ شروع ہو جائے گا،ماہرین کے مطابق یہ سلسلہ صرف ابتدائی چند روز تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پورے مہینے وقفے وقفے سے جاری رہنے کی توقع ہے۔
ادارے نے یہ بھی بتایا ہے کہ صوبے کے بالائی علاقوں میں برف باری کی پیشگوئی ہے، جو موسم کو مزید سرد کر دے گی اور پہاڑی علاقوں میں ٹریفک اور روزمرہ زندگی پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
ادھر لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح مسلسل خطرناک سطح پر برقرار ہے، عالمی فہرست میں لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آگیا، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 212 ریکارڈ کیا گیا، جو انسانی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ سمجھا جاتا ہے۔
دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانچویں نمبرجبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دوسرے نمبر پر موجود ہے،ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 182 پرٹیکیولیٹ میٹرریکارڈ کیا گیا۔
مزید پڑھیں:روزانہ 3 انرجی ڈرنک کین پینے والا 22 سالہ نوجوان چلنے پھرنے سے معذور
ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے استعمال، غیر ضروری باہر نہ نکلنے اور صبح کے اوقات میں سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔