یوم تکبیرپرلاہور جنرل ہسپتال میں تقریب،ایٹمی سائنسدانوں و انجینئرز کو خراج تحسین
پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر،ایٹمی دھماکوں کا سہرا میاں نواز شریف کے سر ہے:پرنسپل پروفیسرفاروق افضل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) یوم تکبیرپرلاہورجنرل ہسپتال میں پروقارتقریب کاانعقادکیاگیاجس میں ایٹمی سائنسدانوں،انجینئرزاورسیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹر فاروق افضل نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 28مئی 1998کو پاکستان نے 5ایٹمی دھماکے کر کے پوری دنیا کو یہ باور کروا دیا کہ پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر ہے اور پاکستان اپنے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے،ان ایٹمی دھماکوں کا سہرا اُس وقت کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو جاتا ہے جنہوں نے سخت عالمی دباؤ کے باوجود پاکستان کو مقدم رکھا،پاکستان اور بھارت کی حالیہ چند روزہ جنگ میں پاک افواج نے وطن عزیز کے ازلی دشمن کے دانت کھٹے کر دیئے اور دشمن کو جنگ بندی پر مجبور کر دیا۔

تقریب میں پاکستان کو ایٹمی قوت بننے پر محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں، افواج پاکستان،انجینئرز،ٹیکنیشنزاور تمام سیاستدانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا،ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین،ڈاکٹر سلمان شکیل، ڈاکٹر جنید، وائس پرنسپل نرسنگ کالج شہناز ڈار، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر عبدالعزیزسمیت بڑی تعدادمیں ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
ایم ایس پروفیسر فریاد حسین نے اس موقع پر کہاکہ 28 مئی پاکستانی قوم کے نہ جھکنے کے اعلان کا دن ہے اور دفاعی صلاحیتوں کا ترجمان ہے جو استقلال اور قربانیوں کی داستان کا عکاس ہے، آج کا دن نہ صرف پاکستان کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور عسکری میدان میں ایک عظیم کامیابی کی یادگار ہے بلکہ قومی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کا استعارہ بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سندھ حکومت نے 2700 سے زائد طلبہ کیلئے سکالرشپ کی منظوری دیدی
مقررین نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے والوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کا دفاع ہر لحاظ سے مزید مضبوط بنایا اور یوم تکبیر یوم پاکستان ہے جس نے امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند کردیا۔ ،آج کے دن پاکستان نے دنیا کے نقشے پر پہلی مسلم نیوکلئیر سٹیٹ کی حیثیت اختیار کی جس پر بحیثیت قوم ہمیں فخر ہے،اس وقت کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اربوں ڈالر کی امداد کو ٹھکرا کرامریکہ جیسی سپر پاور کو انکار کردیا اور دلیرانہ فیصلہ کرتے ہوئے ایٹمی دھماکے کئے جس سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا جبکہ دشمنوں کے ناپاک ارادے خاک میں مِل گئے۔
مقررین نے مزید کہا یومِ تکبیر ہمیں اُن تمام عظیم سائنسدانوں، انجینئرز، افواجِ پاکستان اور قیادت کی قربانیوں اور خدمات کو یاد دلانے کا دن ہے جنہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دے کر پاکستان کو ایٹمی طاقتوں کی صف میں شامل کیا۔
تقریب کے اختتام پر یوم تکبیر کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا جبکہ شرکاء نے پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی،اس موقع پرملکی سلامتی، خوشحالی اور استحقام کیلئے دعائیں بھی مانگی گئیں۔