ملک بھر میں مون سون بارشوں، سیلاب کا الرٹ جاری

Jun 28, 2025 | 19:11:PM
ملک بھر میں مون سون بارشوں، سیلاب کا الرٹ جاری
کیپشن: تصویر، فائل
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز)ملک بھر میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مون سون بارشوں اور سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، چترال، اپر دیر، سوات اور کُمراٹ ویلی میں گلیشیئر پھٹنے (GLOF) کے خدشے پر الرٹ جاری کر دیا۔

گلگت بلتستان کے علاقوں بدسوات، ہنارچی، ترسات ہندور، دارکوٹ اور اشکومن میں گلیشیئر پگھلنے سے سیلابی صورتحال کا خطرہ بڑھ گیا، آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ اور کوٹلی میں شدید بارشوں اور شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔

خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، سوات، دیر، کوہستان، بنوں، کرک اور وزیرستان میں تیز بارشوں اور آندھی طوفان متوقع ہے، اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، قصور اور منڈی بہاؤالدین میں شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔

بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، زیارت، خضدار، ژوب، سبی، ڈیرہ بگٹی اور لورالائی میں گرد آلود ہواؤں سمیت شدید بارشیں متوقع ہیں، سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص، تھرپارکر، بدین، عمرکوٹ اور جیکب آباد میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے اور بجلی کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں سمیت آزاد کشمیر کے مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، راولا کوٹ، حویلی، ہٹیاں بالا میں طوفانی بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق شہری بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اوربل بورڈز سے دور رہیں، آندھی اور طوفان کے دوران حد نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے جو حادثات کا باعث بنتی ہے لہذا محتاط رہیں۔ 

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لیں۔

یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خودکش دھماکہ، 8 افراد شہید