صدر آصف علی زرداری اور شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دبئی میں اہم ملاقات

Jan 28, 2026 | 22:48:PM
 صدر آصف علی زرداری اور شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دبئی میں اہم ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)  صدرآصف علی زرداری نے دبئی میں متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیرِ اعظم  شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی اور انہیں  دبئی کے حکمران کی حیثیت سے دو دہائیوں پر محیط قیادت پر مبارکباد دی اور پاکستان تشریف لانے کی دعوت دی۔

ملاقات میں خاتونِ اول  آصفہ بھٹو زرداری،  پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیرداخلہ سید محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔ 

ایوانِ صدر کے ذرائع کے مطابق صدرِ مملکت کی امارات کے نائب وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کے ساتھ اس اہم ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔  ملاقات  میں اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ  مرکوز رہی۔

صدر مملکت نے شیخ محمد بن راشد المکتوم کی قیادت میں  دبئی کی سیاحت، مالیات اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے عالمی مرکز کے طور پر غیر معمولی ترقی کو سراہا۔

دونوں فرہنماؤں نے دبئی کے ترقیاتی تجربات سے پاکستان میں استفادہ کرنے کے موضوع پربھی خیالات کا تبادلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیئے: فیض حمید کے بھائی کے اثاثے آمدن سے زیادہ؛ انکوائری شروع، بیرون ملک جانے پر پابندی

صدر آصف علی زرداری نے، وزیرِ اعظم  شیخ محمد بن راشد المکتوم سے  اس اہم ملاقات میں میں بندرگاہوں، لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے شعبوں میں پاکستان اور دبئی کے  تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا۔

صدرِ مملکت نے پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات بالخصوص سرمایہ کاری میں سہولت کاری اور نجکاری پر روشنی ڈالی  اور انہوں نے دبئی کےحکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے  دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار اور اعلیٰ سطح تبادلوں کی اہمیت پر زور  دیا۔

صدر مملکت نے شیخ محمد بن زاید النہیان کے حالیہ دورہ  اورپاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت کو سراہا۔

صدر  آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری کے عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔

ملاقات میں خاتونِ اول  آصفہ بھٹو زرداری،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیرداخلہ سید محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیئے: اُس کو چھوڑ دیں بیٹنگ کرنے دیں: سلمان علی آغا کا بابر اعظم کے متعلق سوالات پر جواب