بلوچستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دفعہ 144 نافذ، ڈرونز کے استعمال پر پابندی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ساجد بلوچ)بلوچستان بھر میں ڈرونز، یو اے ویز، کواڈ کاپٹرز، کیم کاپٹرز اور دیگر ریموٹ کنٹرول فضائی آلات کے استعمال، قبضے اور آپریشن پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ بلوچستان کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی مختلف علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نگرانی، جاسوسی، ممنوعہ اشیا اور دھماکہ خیز مواد کی ترسیل، خوف و ہراس پھیلانے اور امن و امان میں خلل ڈالنے کے خدشات کے پیش نظر بلوچستان بھر میں یہ فیصلہ کیا گیا، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عوامی تحفظ، حساس و اہم تنصیبات، عوامی اجتماعات اور اہم شخصیات و قافلوں کی نقل و حرکت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام ناگزیر تھا۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے بھر میں ڈرونز کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گی اور تاحکم ثانی برقرار رہے گی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق پولیس اور فرنٹیئر کور کو اس پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیراتِ پاکستان اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر عمل درآمد کی رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، تاہم پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈپٹی کمشنر کے حکم پر ٹانک روڈ، ہتھالہ، کلاچی، کوٹ عیسیٰ، پوٹہ، بڈھ، چہکان اور دیگر لنک روڈز پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت مذکورہ شاہراہوں پر ہر قسم کی ٹریفک اور شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد ہوگی، انتظامیہ کے مطابق سکیورٹی کی مخدوش صورتحال اور سکیورٹی فورسز کی نقل و حمل کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔