وزیراعظم شہباز شریف کی کسان پیکیج پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت

Dec 28, 2022 | 12:16:PM
وزیراعظم شہباز شریف نے کسان پیکیج پر عمل درآمد تیز کرنے کی ہدایت کر دی
کیپشن: وزیراعظم شہباز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کسان پیکیج پر عمل درآمد تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے حکومت کے دیئے گئے تاریخی کسان پیکیج پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق طارق بشیر چیمہ، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ، وزیر صنعت سید مرتضی محمود، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر جہانزیب، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کسان پیکیج پر عمل درآمد کے لیے نوجوانوں کے لیے قرضہ سکیم، چھوٹے کسانوں کے لیے سود پر چھوٹ اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں چھوٹے کسانوں کو بلا سود زرعی قرضے فراہم کرنے کے سلسلے میں اسٹیٹ بینک نوٹیفیکیشن کے ذریعے بینکوں کو ہدایات جاری کر چکا ہے۔ رواں مالی سال میں نومبر تک 664 ارب کے زرعی قرضے کسانوں میں تقسیم کیے جاچکے ہیں جو گزشتہ مالی سال کے اس عرصے کے مقابلے میں 36 فیصد زیادہ ہیں۔

 اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں زرعی شعبے کی ترقی فوڈ سکیورٹی کی ضامن ہے، ہمیں ہر حال میں پاکستان میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے، ملک میں گندم، کپاس، کنولہ اور زیتون کی کاشت پر خصوصی توجہ دی جائے، کسانوں کو غذائی اجناس کی پیداوار بڑھانے کیلئے بہترین بیج فراہم کئے جائیں۔