بنیان المرصوص کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر خراجِ تحسین کی قرارداد متفقہ طور پر منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤ دلشاد)پنجاب اسمبلی میں بنیان المرصوص کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر خراجِ تحسین کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں متفقہ طور پر منظورکرلی گئی ،قرارداد چیف وہپ ن لیگ رانا محمد ارشد نے ایوان میں پیش کی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا ایوان اس امر کا بر ملا اعتراف کرتا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کو دہشت گردی جیسے ناسور سے پاک کرنے کے لیے ریاستی اداروں، افواج پاکستان اور حکومت پاکستان نے مثالی عزم ، حکمت عملی اور قربانیوں کا مظاہرہ کیا ہے، یہ ایوان بالخصوص آپریشن بنیان المرصوص کے کامیاب آغاز اور اس کے تسلسل کو سراہتا ہے، یہ میاں نواز شریف کے ویژن کی عملی تعبیر ہے۔
رانا محمد ارشد کاکہناتھا کہ 16 دسمبر 2014 کے سانحہ اے پی ایس کے بعد میاں نواز شریف نے یہ عہد کیا تھا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، یہ ایوان وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان کی انتھک کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، وزیراعظم نے قومی سلامتی کے اس اہم مشن کو بھر پور عزم کے ساتھ آگے بڑھایا، یہ ایوان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں آپریشن بنیان المرصوص کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے، بنیان المرصوص ابھی بھی کامیابی سے جاری ہے اور دشمن عناصر کو مؤثر جواب دیا جارہا ہے، یہ ایوان آپریشن غضب الحق کو بھی سراہتا ہے، غضب الحق کے تحت افغانستان میں موجود دہشت گرد عناصر کے خلاف کاروائی کا میابی سے جاری ہے، غضب الحق پاکستان کے دفاع اور امن کے لیے نہایت اہم ہے۔
متن میں کہا گیا ہے کہ دشمن کو واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، یہ ایوان معرکہ حق کی کامیابی کو بھی سراہتا ہے، جسے عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا، اس کے نتیجے میں پاکستان کا تشخص ایک مضبوط ، پر امن اور ذمہ دار ریاست کے طور پر مزید مستحکم ہوا،
یہ ایوان حکومت پنجاب کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے، خصوصا ًوزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں، اقدامات نے امن وامان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں:چھٹیاں ہی چھٹیاں! خوشی کی خبر آ گئی