پاکستان میں امن کی صورتحال بہتر ہوئی ، سفارتی کامیابیوں کو تسلیم کیا گیا:احسن اقبال

Jun 27, 2026 | 20:36:PM
 پاکستان میں امن کی صورتحال بہتر ہوئی ، سفارتی کامیابیوں کو تسلیم کیا گیا:احسن اقبال
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اشتیاق ربانی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور ملک کی سفارتی کامیابیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

 ریسٹ ہاؤس شکرگڑھ میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے ورثے میں ملنے والی 38 فیصد مہنگائی کو کم کرکے 6 سے 7 فیصد کی سطح تک پہنچا دیا ہے،  بعض عناصر پاکستان کی ترقی اور کامیابیوں کو برداشت نہیں کر پا رہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ آزادیٔ اظہار رائے کی آڑ میں ریاست مخالف پروپیگنڈا کسی صورت قابل قبول نہیں، جبکہ ریاست اور قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف مہمات قومی مفاد کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کا مقصد ادارے کو منافع بخش، مستحکم اور مؤثر بنانا ہے۔ ان کے بقول معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد اب معیشت کے میدان میں کامیابی حاصل کرنا قومی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے اثرات سے عالمی معیشت متاثر ہوئی، تاہم پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی میں کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں اور عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

احسن اقبال نے عاشورہ کے پرامن انعقاد پر عوام، علمائے کرام، انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کے مشترکہ تعاون کا نتیجہ ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات سے متعلق انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، جبکہ مہاجرین کی نشستوں پر بھی پارٹی اکثریت حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کو بھی پنجاب کی طرز پر ترقیاتی منصوبے اور مضبوط حکومت فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں :  پشاور اسمبلی میں زلزلے سے بھگدڑ مچ گئی، ارکان اسمبلی کی دوڑیں لگ گئیں