ٹرمپ کی مودی کو 4 فونز کالز،ٹیرف لگانےپر ناراض بھارتی وزیراعظم کا جواب سے انکار:جرمن اخبار کا دعویٰ

امریکی حکمت عملی، جس میں بھارت کو چین کو قابو میں رکھنے کیلئے مرکزی حیثیت دی گئی تھی، اب ٹوٹتی دکھائی دیتی ہے،رپورٹ

Aug 27, 2025 | 18:46:PM
 ٹرمپ کی مودی کو 4 فونز کالز،ٹیرف لگانےپر ناراض بھارتی وزیراعظم کا جواب سے انکار:جرمن اخبار کا دعویٰ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) بھارت اور امریکا کے تعلقات حالیہ ہفتوں میں کشیدگی کا شکار دکھائی دے رہے ہیں۔جرمن اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نریندر مودی کو 4 فون کالز کیں لیکن بھارتی وزیر اعظم نے فون کالز کا جواب دینے سے انکار کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جرمن اخبار فرینکفرٹر الگمائنے (FAZ) نے اپنی ایک تفصیلی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آنے والی کم از کم چار فون کالز کا جواب دینے سے انکار کر دیا۔ یہ اقدام اس بات کی علامت سمجھا جا رہا ہے کہ نئی دہلی نہ صرف غصے میں ہے  بلکہ امریکی دباؤ کے حوالے سے محتاط حکمت عملی بھی اختیار کیے ہوئے ہے۔یہ تنازعہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب ٹرمپ انتظامیہ نے بھارت پر درآمدی ٹیرف دوگنا کرکے 50 فیصد تک پہنچا دیا۔ اس کے ساتھ ہی بھارتی خام تیل کی روس سے خریداری پر 25 فیصد اضافی ڈیوٹی بھی لگا دی گئی۔ یہ شرح دنیا میں برازیل کے بعد کسی بھی ملک کے لیے سب سے زیادہ سمجھی جا رہی ہے۔

 جرمن اخبار کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نےیہ اعلان کیا ہے کہ وہ بھارت کے کسانوں اور ملک کے معاشی مفادات پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے، اور اس تناظر میں بھارت کی یہ مزاحمتی پالیسی اس بات کا عندیہ دیتی ہے کہ نئی دہلی واشنگٹن کے دباؤ کے آگے جھکنے کے لیے تیار نہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’مودی کو امریکی رویے سے ذاتی طور پر بھی توہین محسوس ہوئی اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ٹرمپ کی فون کالز لینے سے گریز کیا‘‘۔رپورٹ میں اس پہلو کو بھی اجاگر کیا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کے بارے میں حالیہ پالیسیوں نے بھارت میں ان کے تاثر کو مزید خراب کیا ہے۔ ٹرمپ نے بارہا یہ دعویٰ کیا کہ پاک۔بھارت کشیدگی کو کم کرنے میں ان کا کردار ہے۔ نئی دہلی نے ہمیشہ اس بیان کو رد کیا ہے اور اسے بھارتی داخلی امور میں مداخلت کے مترادف قرار دیا ہے۔

جاپانی اخبار نکئی ایشیا نے بھی اسی قسم کی رپورٹ شائع کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ مودی کی جانب سے ٹرمپ کے ساتھ براہِ راست گفتگو سے گریز کرنے سے امریکی صدر شدید مایوسی کا شکار ہیں۔امریکی تھنک ٹینک نیو اسکول نیویارک کے ماہر مارک فریزیئر (Mark Frazier) نے بھی FAZ کو بتایا کہ امریکہ کی انڈو۔پیسیفک حکمت عملی، جس میں بھارت کو چین کو قابو میں رکھنے کے لیے مرکزی حیثیت دی گئی تھی، اب ٹوٹتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔امریکی تھنک ٹینک سے وابستہ صحافی مائیکل کوگلمین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی مودی نے ٹرمپ کی فون کالز لینے سے انکار کیا ہے تو یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور دونوں رہنماؤں کی ذاتی دوستی ایک بحران سے گزر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کرکٹ شائقین کیلئے دکھ کی بات،سابق فاسٹ بالر انتقال کر گئے