کراچی میں کانگو وائرس نے ایک اور جان نگل لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ابراہیم رند)کراچی میں کانگو وائرس نے ایک اورجان لے لی۔
جناح ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ 28 سالہ مریض کو تیزبخاراور پیٹ میں تکلیف کی شکایت پر داخل کیا گیا تھا مگر وہ علاج کے دوران انتقال کرگیا۔
ہسپتال حکام کے مطابق کانگو میں مبتلا شخص پیشے کے اعتبار سے قصاب تھا اور مریض کو 2 روز قبل جناح ہسپتال لایاگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وزارت مذہبی امور کی پرائیویٹ آپریٹرز کو حج بکنگ تیز کرنے کی ہدایت
ہسپتال حکام کے مطابق انتقال کر جانے والے مریض میں آج صبح کانگو کی تصدیق ہوئی تھی۔
دوسری طرف کراچی میں مختلف اقسام کے بخار میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے،سول ہسپتال کراچی کے ایمرجنسی انچارج ڈاکٹرعرفان صدیقی کے مطابق وائرل بخار میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں15 سے 20 فیصداضافہ ہوا ہے،ہسپتال میں روزانہ موسمی بخار، ملیریا اور ڈینگی کے 300 کیس رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ جناح ہسپتال میں بھی بخار کے روز 100 سے زائد مریض آرہے ہیں۔
سول ہسپتال کے ایمرجنسی انچارج نے بیماری سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری غیر معیاری غذا سے اجتناب کریں، ماسک پہننے اور ہاتھ دھونے کی عادت اپنائیں، گندگی اور آلودگی بھی بخار اور انفیکشن کی بڑی وجہ ہے، خاص طور پر متاثرہ شخص ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اینٹی بائیوٹک استعمال نہ کرے۔