پی ایچ ایم اے انسٹیٹیوٹ نے نوجوانوں کو بڑی آفر کر دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایچ ایم اے) انسٹیٹیوٹ نے نوجوانوں کو بڑی آفر کر دی۔
پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایچ ایم اے) ملک کی ویلیو ایڈیڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری اور ایکسپورٹ کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوان مرد و خواتین کو ہنرمند بنانے میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے،پی ایچ ایم اے کے انسٹیٹوٹس میں یوتھ کو ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں مہارت کے کورس وزیر اعظم کے یوتھ ڈولپمنٹ پروگرام کے تحت نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے اشتراک سے بلا معاوضہ کروائے جاتے ہیں، دوران پروگرام یوتھ کو وظیفہ بھی دیا جاتا ہے اور کورس کی تکمیل کے بعد ایسوسی ایشن کے ممبر انڈسٹریز میں ملازمت بھی دلائی جاتی ہے۔
چیئرمین پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (ساوتھ) فیصل ارشد شیخ نے ایسوسی ایشن کے زیر انتظام چلنے والے انسٹیٹیوٹس کے موجودہ اور مستقبل کے پیشہ وارانہ مہارت کے منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ملازمت کے علاوہ جو نوجوان مرد و خواتین اپنا ذاتی کاروبار کرنا چاہتے ہیں ان کی کاروبار کے لئے رہنمائی بھی کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کا یوتھ پروگرام ان کے باکمال وژن اور سوچ کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت ہماری نوجوان نسل مرد و خواتین اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مہارت حاصل کرنے کے بعد بااختیار ہو کر اپنا ذاتی کاروبار کر سکتے ہیں. انڈسٹری میں ملازمت یا پھر بیرون ملک ملازمت اختیار کر سکتے ہیں۔ ہم وزیر اعظم شہباز شریف کو اس کامیاب یوتھ پروگرام پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں.
فیصل ارشد شیخ نے کہا نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر جان کی خدمات کو بھی ہم سراہتے ہیں۔ پی ایچ ایم اے نیشنل کمیشن کے ساتھ ایم او یو کے تحت نئے اسکل ڈولپمنٹ پروگرام کو باہمی اشتراک سے جاری رکھے گا تا کہ ہمارے ملک کا مستقبل روشن ہو سکے۔