لاہورجنرل ہسپتال میں"پروفیسر الفرید ظفر ریسپائریٹری کیئر کلینک”کاآغاز
کلینک میں آنیوالے بچوں کیلئے ہرہفتے برونکوسکوپی کی سہولت دستیاب ہو گی: پروفیسر فریاد حسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)لاہورجنرل ہسپتال کے شعبہ اطفال میں بچوں کے لیے جدید ریسپائریٹری کیئر کلینک کا باقاعدہ آغاز کر دیاگیاجسے شعبہ طب کی ممتاز شخصیت پروفیسر الفرید ظفر کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
اس ریسپائریٹری کیئر کلینک کا مقصد پروفیسر الفرید ظفر کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کو مزید مؤثر بنانا ہے، کلینک میں ان بچوں کا خصوصی طور پر معائنہ، مشاہدہ اور فالو اپ کیا جائے گا جو مختلف سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہیں،ان بیماریوں میں دمہ ،سسٹک فائبروسز، پھیپھڑوں کی ٹی بی اور دیگر پیچیدہ سانس کے امراض شامل ہیں۔
پیڈیائٹرک ڈیپارٹمنٹ یونٹ 2کے پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین کے مطابق کلینک میں آنے والے بچوں کا روزانہ آؤٹ ڈور میں چیک اپ اورہر ہفتے برونکوسکوپی کی سہولت فراہم کی جائے گی،ایسے مریض بچے جن کی بیماری کی تشخیص میں مشکلات درپیش ہوں، ان کی برونکوسکوپی کے ذریعے مزید جامع جانچ کی جائے گی تاکہ بروقت اور درست علاج ممکن بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں ہیٹ ویو: ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے وجہ بتادی
پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین کامزید کہنا تھا کہ یہ ریسپائریٹری کیئر کلینک نہ صرف بچوں کے لیے ایک بڑی سہولت ہے بلکہ والدین کے لیے بھی اطمینان کا باعث بنے گا، یہ کلینک لاہورجنرل ہسپتال میں بچوں کے سانس سے متعلق امراض کی تشخیص، علاج اور فالو اپ کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے، جو صحت عامہ کے نظام کو بہتر بنانے کی جانب ایک مؤثر قدم ہے۔
پروفیسر فریاد حسین نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے۔