مالٹا کا فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)یورپی ملک مالٹا نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کر دیاہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق یورپی ملک مالٹا کے وزیراعظم رابرٹ ابیلا نے کہا ہے کہ ہم انسانیت سوز المیے پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے، فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا اخلاقی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اسرائیل فلسطین تنازع پر20 جون کو ہونے والی اقوام متحدہ کانفرنس کے بعد فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیں گے۔
یاد رہے اب تک اقوام متحدہ کے 193 میں سے 147 رکن ممالک فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ مالٹا نے اپریل 2023 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کو مکمل رکنیت دینے کے حق میں ووٹ دیا تھا، تاہم اس کے باوجود ملک نے تاحال فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا تھا۔
دوسری جانب اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، صحافی حسن ماجدی اور ان کے اہلخانہ سمیت مزید اڑتیس فلسطینی شہید اور 204 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے پناہ گزیں کیمپوں اور خیمہ بستی کو نقصان پہنچایا شہدا کی مجموعی تعداد 54 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کا 70 فیصد حصہ اسرائیل کے قبضے میں چلا گیا ہے ، جس کے باعث بڑے پیمانے پر نقل مکانی ہو رہی ہے۔