پاکستان امریکا کے ساتھ ٹریڈ چاہتا ہے ایڈ نہیں:اسحاق ڈار

Jul 26, 2025 | 00:30:AM
پاکستان امریکا کے ساتھ ٹریڈ چاہتا ہے ایڈ نہیں:اسحاق ڈار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ ٹریڈ چاہتا ہے ایڈ نہیں، امید ہے ہفتوں میں نہیں دنوں میں ٹریڈ ڈیل ہو جائے گی، پاکستان کی سب سے زیادہ برآمدات امریکا جاتی ہیں، پاکستان امریکی کاٹن کا دوسرا بڑا خریدار ہے، اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات مفید رہی، ملاقات میں باہمی شراکت داری پر زور دیا۔ 

امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل سے خطاب میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دنیا بہت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، پاکستان اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تناؤ نہیں چاہتا، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان امن پسند ایٹمی ملک ہے، دنیا کی معیشت اس وقت دباؤ میں ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے، پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام آ چکا ہے، حکومت سنبھالنے کے بعد معاشی چیلنجز کا سامنا رہا۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان نے معاشی چیلنجز پر کامیابی سے قابو پایا، پاکستان صحت، تعلیم دیگر شعبوں میں بہترین کام کر رہا ہے، دنیا کو اس وقت موسمیاتی تبدیلی کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کثیر الجہتی ہیں، امریکا کے ساتھ بات چیت جاری ہے، جلد تجارتی معاہدہ ہو جائے گا، اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بیت المقدس آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے، غزہ کی صورتحال انتہائی سنگین ہے، غزہ میں فوری طور پر سیز فائر ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے پاک بھارت جنگ کے دوران سیز فائر میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان امن پر یقین رکھتا ہے، ہم نے بھارت کے خلاف اپنے دفاع میں کارروائی کی، دونوں ملکوں کے درمیان مقبوضہ کشمیر اہم تنازع ہے، اسحاق ڈار نے کہا کہ افغان عبوری حکومت سے مطالبہ ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان غزہ میں فوری سیز فائر اور تعمیر نو کا مطالبہ کرتا ہے ، فلسطین سمیت تمام مسائل کا حل ڈائیلاگ اور ڈپلومیسی ہے ،غزہ میں معصوم فلسطینی بھوک سے مر رہے ہیں ، پاکستان کا موقف ہے کہ دنیا اسرائیل کو ایسا کرنے سے روکے،غزہ صرف معصوم فلسطینوں کا نہیں عالمی قانون کا بھی قبرستان بن چکا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا اسٹریٹجک شراکت دار جبکہ امریکا دوست ہے ، پاکستان نے ماضی میں امریکا اور چین کے درمیان پل کا کردار ادا کیا ، پاکستان اب بھی امریکا اور چین کے درمیان پل کا کردار ادا کرسکتا ہے ۔

 اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی دہائیوں سے امریکا میں امریکی قانون کے تحت قید ہیں ،جب آپ اسلحہ اٹھا لیتے ہیں تو مجھ جیسا مفاہمت پسند بھی کچھ نہیں کرسکتا ۔

یہ بھی پڑھیں :برصغیر میں بائیں جانب ڈرائیونگ کا قانون نیپولین کے حکم سے جڑا ہے:ڈاکٹر کاشف فراز