کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے مبینہ تعلق، سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائیاں شروع

Jun 25, 2026 | 12:10:PM
 کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے مبینہ تعلق، سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائیاں شروع
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حاشر وڑائچ)آزاد کشمیر میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے مبینہ تعلق اور راولاکوٹ دھرنے میں مبینہ شرکت کے الزامات پر سرکاری ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ۔
 حکومتی ذرائع کے مطابق مختلف اضلاع سے سینکڑوں حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کا ریکارڈ مرتب کر لیا گیا ہے جبکہ بعض افراد پر کالعدم تنظیم کی مالی معاونت کے الزامات کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔ 
راولاکوٹ دھرنے میں مبینہ شرکت پر متعدد سرکاری ملازمین کومعطل کردیاگیاہے اوران کے خلاف  محکمانہ تحقیقات جاری ہیں،حکومتِ آزاد کشمیر نے قانون شکنی پر زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت مزید کارروائیوں کا عندیہ بھی دیاہے۔
کالعدم تنظیم کی مالی معاونت کے الزامات پر مختلف اضلاع سے سینکڑوں سرکاری اور ریٹائرڈ ملازمین کاریکارڈ مرتب کر لیا گیاہے،پونچھ ڈویژن کے 8 سینئر مدرسین ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اور 2 چوکیدار معطل کر کے انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔
کمشنر پونچھ کی رپورٹ پر حاضر سروس و ریٹائرڈ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے،ڈپٹی کمشنر سدھنوتی کی رپورٹ پر کالعدم تنظیم سے مبینہ وابستگی رکھنے والوں کی نشاندہی کر دی گئی ہے،گورنمنٹ بوائز انٹر کالج ملوٹ کے نائب قاصد وقاص گلزارکو معطل کرکے اس کے خلاف  ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 1977 کے تحت انکوائری کا آغازکردیاگیاہے۔
ناظم تعلیم کالجز مظفرآباد ڈویژن راجہ محمد فیاض خان انکوائری آفیسر مقررکئے گئے ہیں اورمحکمانہ انکوائری رپورٹ 15 روز میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،ہجیرہ آپریشن ڈویژن کے میٹر ریڈر خواجہ ارشد بھی معطل کردیئے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ریاست میں امن و امان کے قیام کیلئے قانون کی عملداری یقینی بنائی جائے گی، مختلف اضلاع سے مزید معلومات اور شواہد لسٹیں تیار کر لی گئیں  ہیں،تحقیقات کی روشنی میں مزید سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کا امکان ہے،غیر قانونی سرگرمیوں اور قانون شکنی پر سخت ایکشن جاری رہے گا،ریٹائرڈ اہلکاروں کے خلاف بھی قانونی و محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:ایک ہزار عمرہ زائرین سعودی شاہ سلمان کے شاہی مہمان بنیں گے
ذرائع کے مطابق بعض ریٹائرڈ اہلکاروں کی پنشن ضبط کرنے کی کارروائی بھی زیر غورہے،آزاد کشمیر میں کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اورانتظامیہ متحرک ہوگئی ہے۔