مرغی، آٹا، سرسوں کا تیل، ٹماٹر، بجلی اور ایل پی جی سستی، ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کردیئے جس کے مطابق مرغی، آٹا، سرسوں کا تیل، ٹماٹر، بجلی اور ایل پی جی سستی ہوئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ ترین رپورٹ میں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں کمی کا دعویٰ کیا گیا ہے، رپورٹ کے مطابق مہنگائی میں کمی 1.92 فیصد پر ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 18 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی منفی 3.52 فیصد کی سطح پر آگئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ زندہ برائلر مرغی 11.75 فیصد، گندم کا آٹا 5.68 فیصد سستا ہوا، لہسن 4.66 فیصد، کیلے 3.51 فیصد، پیاز 1.93 فیصد اور چاول 1.58 فیصد سستے ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:وزارت ریلوے کے ذیلی ادارے"ریل کاپ" کے تمام ملازمین سے استعفیٰ طلب
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے سرسوں کا تیل، ٹماٹر، بجلی اور ایل پی جی بھی سستی ہونی والی اشیاء میں شامل ہیں۔
ایف بی ایس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جن میں آلو 6.94 فیصد، انڈے 0.66 فیصد، نمک 0.51 فیصد مہنگا ہواجبکہ گڑ، دہی، دال مسور، چنا، سگریٹ، کپڑے بھی مہنگی ہونیوالی اشیاء میں شامل ہیں۔