یہ غلط ہے آپ کسی عمل میں شریک ہی نہ ہوں اور دھاندلی کا الزام لگا دیں، عطا تارڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نےکہا ہے کہ سیاست میں سب سے بڑی غلطی بائیکاٹ کی ہوتی ہے، یہ غلط ہے کہ جب آپ کسی عمل میں شریک ہی نہ ہوں اور دھاندلی کا الزام لگا دیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں ایک تقریب میں شرکت اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مثبت رویئے سے بہت سے مسائل حل ہو جاتے ہیں، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز وقت کی ضرورت ہیں، ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے، ان کاکہناتھا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ارتقاء کا عمل جاری ہے، دنیا میں پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا ہے،ڈیجیٹل میڈیا نے معرکہ حق میں موثر کردار ادا کیا،اخبارات اور ٹیلی ویژن نے جس طرح اپنا مثبت کردار ادا کیا وہاں ڈیجیٹل میڈیا کا بھی موثر کردار رہا۔
عطا اللہ تارڑ کاکہناتھا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے دشمن کو دشمن کی زبان میں جواب دینا ضروری ہے، ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم سے ملکی مثبت تشخص اجاگر کرنا ہوگا، ڈیجیٹل میڈیا کا فیک نیوز کی روک تھام میں اہم کردار ہونا چاہئے، ہمارا خواب ہے کہ ہمارا ڈیجیٹل پلیٹ فارم مزید مضبوط ہو۔
ان کاکہناتھا کہ پیپلز پارٹی ہماری اتحادی ہے، ہر موقع پر بھرپور ساتھ دیا،پیپلز پارٹی کو عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ضمنی الیکشن میں مظفر گڑھ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار کی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر کاکہناتھا کہ جنگ کے دوران پہلا ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا، آذربائیجان کی حکومت نے پاکستان سے ڈیجیٹل میڈیا کے شعبہ میں تربیت لینے کی بات کی، ڈی ایٹ ممالک کے وزراء نے ہمارے موقف کو تسلیم کیا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ سیاست میں دروازے کھلے رہتے ہیں، سوشل میڈیا پر قومی سلامتی اور اداروں کے خلاف مذموم مہم چلائی جاتی ہے، سیاست میں بات چیت اور مکالمے سے ہی معاملات آگے بڑھتے ہیں، دنیا دو طرح کے لوگوں میں تقسیم ہے، ڈیجیٹل نیٹوز اور ڈیجیٹل امیگرینٹس، اخبارات سے الیکٹرانک میڈیا میں منتقلی ایک نظام کے تحت ہوئی، الیکٹرانک میڈیا سے ڈیجیٹل میڈیا میں منتقلی یکدم ہوئی، ان کاکہناتھا کہ یہ نہیں ہونا چاہئے کہ ہر ایک کیمرہ اٹھائے اور خبر نشر کرنا شروع کر دے، ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن بنتی ہے تو اس کے قواعد و ضوابط بھی بنیں گے اور فیک نیوز پر قابو پانے میں مدد بھی ملے گی، پاکستان کے تمام ٹی وی چینلز کو اشتہارات جاری کئے جا رہے ہیں۔