پی ٹی آئی کا پنجاب الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

Mar 24, 2023 | 10:30:AM
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب میں انتخابات ملتوی کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب میں انتخابات ملتوی کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے اسد عمر اور سینیٹر اعجاز چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پورا ملک چاہتا ہے کہ ای سی پی حکام کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے، یہ پہلا موقع ہے جب کسی موجودہ سویلین حکومت نے آئین کو پامال کرنے کا اقدام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اور عوام کے لیے آئین کی حفاظت کرنا ضروری ہے، پوری عوام سپریم کورٹ کے پیچھے کھڑی ہے، ’’میں ججوں سے اپیل کرتا ہوں کہ آئین کو بچانا ان کا کام ہے‘‘۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف حکومت نے ریویو فائل نہیں کیا تھا، سویلین حکومت میں پہلی مرتبہ ایسے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو پتا نہیں حکومت میں آنے کے بعد کیا ہوگیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم سمجھ رہے تھے کہ ہمارے خلاف کل کابینہ کا اعلامیہ آئے گا پھر معلوم ہوا کہ ہم تو ایجنڈے میں ہی نہیں تھے، ٹارگٹ تو سپریم کورٹ تھی، سپریم کورٹ پر حملہ کرنے کیلیے گزشتہ روز پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آئین توڑنے کے اقدام کے خلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں، 96 مرتبہ ایسوسی ایشن نے الیکشن کمیشن کے فیصلےکو مسترد کیا، تحریک انصاف ہر وکلا تحریک کے پیچھے کھڑی ہوگی۔