گلگت: وزیر اعلیٰ کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، بحالی کے کام تیز کرنے کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اقبال سالک)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے بحالی کے کاموں کو ایمرجنسی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ اداروں خصوصاً جی بی ڈی ایم اے کے افسران کو فوری طور پر متاثرہ خاندانوں میں خیمے اور دیگر ریلیف آئٹمز تقسیم کرنے کی ہدایت دی،اُنہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی، آبپاشی چینلز اور بجلی کی بحالی کو ترجیح دی جائے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیر اعلیٰ گلبر خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات کو روکنا انسان کے اختیار میں نہیں، تاہم نقصانات کا ازالہ اور متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے،انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ سیلاب سے تباہ ہونے والے گھروں اور زمینوں کا تخمینہ حقیقی بنیادوں پر لگایا جائے تاکہ متاثرین کی بروقت اور مؤثر مدد کی جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان اس وقت شدید قدرتی آفات کی زد میں ہے اور غیر قانونی تعمیرات، خصوصاً نالوں میں تجاوزات، بڑے پیمانے پر تباہی کا سبب بنی ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے اقدامات کرے گی جن سے مستقبل میں نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کی پالیسی سے انحراف ناقابل قبول ہے،رہنما علی بخاری