سبی؛ ریلوے ٹریک کے قریب زور دار دھماکہ، بولان میل حادثے سے بال بال بچ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(میاں یوصف) بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے ڈنگرا کے قریب ریلوے ٹریک کے پاس زور دار دھماکہ ہوا، ریلوے حکام کے مطابق یہ دھماکہ بولان میل کے گزرنے کے فوراً بعد پیش آیا جس کے باعث ایک بڑا سانحہ ٹل گیا اور بولان میل حادثے سے بال بال بچ گئی۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بوگی نمبر 7 کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ریلوے کی تحقیقاتی ٹیم بھی موقع پر روانہ ہو گئی ہے۔
واقعے کے بعد ریلوے انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر پنجاب سے آنے والی جعفر ایکسپریس کو ڈیرہ مراد جمالی پر روک دیا ہے جبکہ کوئٹہ سے پنجاب جانے والی جعفر ایکسپریس کو سبی اسٹیشن پر روکا جائے گا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے اور کلیرنس مکمل ہونے کے بعد ہی ٹرینوں کو اپنی منزل کی جانب روانہ کیا جائے گا۔
تاحال دھماکے کی نوعیت اور اس کے محرکات کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ سیکیورٹی ادارے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یکم صفر کب ہونے کا امکان،اہم پیش گوئی سامنے آ گئی