شیخوپورہ :وارث شاہ کے 228ویں عرس کی تین روزہ تقریبات شروع،کل چھٹی کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پنجابی زبان کے عظیم صوفی شاعر اور شہرۂ آفاق تصنیف ’’ہیر وارث شاہ‘‘ کے خالق پیر سید وارث شاہ کے 228ویں عرس کی تین روزہ تقریبات شیخوپورہ کے علاقے جنڈیالہ شیر خان میں شروع ہوگئیں، ضلع شیخوپورہ میں کل (24ستمبر)مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
عرس کی تقریبات کا آغاز مزار کو غسل دینے، چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی سے کیا گیا،سیکرٹری اوقاف محمد احسان بھٹہ، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل تصور، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور عرس مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین نے مزار کو غسل دیا اور چادر چڑھائی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل تصور نے کہا کہ پیر سید وارث شاہ نے اپنی شاعری کے ذریعے محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا،ان کی شہرۂ آفاق تصنیف ’’ہیر وارث شاہ‘‘ پنجابی ادب کا قیمتی سرمایہ ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عرس کی تقریبات کو شایانِ شان طریقے سے منعقد کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، اجتماعات اور جلوسوں پر پابندی
پیر سید وارث شاہ کو اصل شہرت ان کی لازوال تصنیف ’’ہیر وارث شاہ‘‘ سے حاصل ہوئی،انہوں نے 1766ء میں ہیر رانجھا کے عشقیہ قصے کو پنجابی زبان میں منظوم انداز میں پیش کیا، جس کے باعث انہیں پنجابی ادب میں نمایاں مقام حاصل ہوا۔
عرس کی تین روزہ تقریبات کے دوران کل پاکستان پنجابی مشاعرہ، آل پاکستان مقابلۂ ہیر خوانی، صوفی نائٹ، علاقائی کھیل اور مختلف ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کی جانب سے 24 ستمبر کو ضلع شیخوپورہ میں مقامی تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔