وزیراعظم شہباز شریف کی بوسنیا و ہرزیگووینا کی صدارتی کونسل کے چیئرمین سے ملاقات

Sep 23, 2026 | 14:18:PM
وزیراعظم شہباز شریف کی بوسنیا و ہرزیگووینا کی صدارتی کونسل کے چیئرمین سے ملاقات
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر بوسنیا و ہرزیگووینا کی صدارتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بوسنیا و ہرزیگووینا کے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا، جن میں سیاسی و اقتصادی تعاون، دفاع، ہنرمند افرادی قوت کا تبادلہ، تعلیم اور ثقافت کے شعبے شامل ہیں، باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے بوسنیا و ہرزیگووینا کے ساتھ پاکستان کے تاریخی، قریبی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے انہیں تجارت اور اقتصادی تعاون پر مبنی مضبوط اور وسیع البنیاد شراکت داری میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے بوسنیا و ہرزیگووینا کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی استحکام ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال بوسنیا و ہرزیگووینا سے وابستہ ہے۔

وزیراعظم نے بوسنیا و ہرزیگووینا کے یورپی یونین میں شمولیت کے مذاکرات کے باضابطہ آغاز پر ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ پاکستان بوسنیا و ہرزیگووینا کو یورپی اور مغربی بلقان کی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی کے لیے تجارت اور علاقائی روابط کے ممکنہ مرکز کے طور پر دیکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:برطانیہ:دوسری جنگ عظیم کے 2 بم برآمد، سینکڑوں گھر خالی،ٹرین سروس معطل

ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ نے مغربی ایشیا اور خلیجی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور حالات معمول پر لانے کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا، انہوں نے سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے کے اقدام کی غیر قانونی حیثیت سے متعلق پاکستان کے مؤقف کی بھی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے باہمی رابطے میں رہنے اور مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ آئندہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح دوروں کے تبادلے کو بھی فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔