'بیٹی 2 دن سے ہسپتال میں داخل ہے، اللہ کرے ہم میچ جیت جائیں': سپنر آصف آفریدی

Oct 23, 2025 | 00:03:AM
'بیٹی 2 دن سے ہسپتال میں داخل ہے، اللہ کرے ہم میچ جیت جائیں': سپنر آصف آفریدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں 92 سالہ ریکارڈ توڑنے والے پاکستانی سپنر آصف آفریدی اپنی کارکردگی سے کافی مطمئن اور خوش ہیں۔

جنوبی افریقا کے خلاف آصف آفریدی نے اپنےپہلے میچ میں ہی منفرد اعزاز اپنے نام کیا  اور انگلینڈ کے چارلس میریٹ کا 92 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔

38 سال کے بائیں ہاتھ کے سپنر آصف آفریدی ٹیسٹ ڈیبیو پر 5 وکٹیں لینے والے معمر ترین کرکٹر بن گئے۔ انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلی اننگز میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں۔

اپنی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے  آصف آفریدی کا کہنا ہے کہ  اس عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنا اور اس میں بہترین بولنگ کرنا کافی خوشی کی بات ہے۔

انہوں نے پی سی بی سے  بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب کپتان نے کہا کہ آپ کل  ڈیبیو کریں گے تو  ساری رات خوشی سے نیند نہیں آئی ، گھر والے بھی کافی خوش تھے۔ کوشش یہی تھی کہ جس طرح ڈومیسٹک میں بولنگ کرتا ہوں ، ڈیبیو ٹیسٹ میں اسی طرح اچھی لائن پر بولنگ کرواؤں، شکر الحمد اللہ اچھی بولنگ ہوئی۔

  آصف آفریدی نے بتایا کہ میرے 4 بیٹے اور ایک بیٹی ہے، بیٹی سپیشل چائلڈ ہے اور 2 دن سے ہسپتال میں داخل ہے۔ اس کی طرف سےکافی پریشان ہوں، اللہ کرے ہم میچ جیت جائیں تو اپنی کارکردگی بیٹی کے نام کروں گا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف پنڈی میں جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں پر 94 رنز بنائے اور اسے دوسری اننگز میں23 رنز کی برتری حاصل ہے۔

دیگر کیٹیگریز: کھیل
ٹیگز: