تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی، لانگ مارچ ہی حکومت کو ختم کر سکتا ہے،احسن اقبال

Jan 23, 2021 | 21:42:PM
 تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی، لانگ مارچ ہی حکومت کو ختم کر سکتا ہے،احسن اقبال
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر بلاول کے پاس تحریک عدم اعتماد کے نمبر ہیں تو پیش کریں، سینٹ میں ہمارے نمبر پورے ہونے کے باوجود تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تھی۔فیصلہ کن لانگ مارچ ہی اس حکومت کو ختم کر سکتا ہے۔
 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ براڈشیٹ والے معاملے میں کچھ لوگوں کے مفادات وابستہ تھے، براڈ شیٹ بھی پانامہ کی طرح فراڈ ہی ہو گا، براڈ شیٹ معاہدے کی تحقیقات کرنے والا شخص اس وقت نیب کا ہی ملازم تھا تو انہوں نے کیا تحقیقات کرنی ہیں، ایسے لوگوں کو لانے کا مقصد اس معاملے کو کوراپ کرنا ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ حکومت براڈ شیٹ کے حوالے سے کوراپ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اس معاملے نے احتساب کی اصلیت کھول دی ہے، دنیا پریشان ہے کہ یہ کیسی ریاست ہے جس میں ایسے بھونڈے معاہدے کئے جاتے ہیں کہ بغیر کوئی محنت کئے کسی فریق کو 20 فیصد حصہ دے دیا جائے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اس حکومت نے اس معاملے پر عملدرآمد کے لئے پھرتی دکھائی اور ہائیکورٹ کے فیصلے سے پہلے ہی رقم ہائی کمیشن کے اکاونٹ میں رکھ دی، پی آئی اے کا معاملہ بھی ثالثی عدالت میں ہے لیکن ایک جہاز کی لیز کی رقم جمع نہیں کروائی جاتی اور سینکڑوں مسافروں کو غیرملکی ایئرپورٹ پر خوار کیا جاتا ہے لیکن دوسری جانب براڈ شیٹ کے معاملے پر بھرپور پھرتی دکھائی جاتی ہے، جہاز والے معاملے میں بھی ذرا پھرتی دکھا لی جاتی۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت کا دفاعی بجٹ کا اضافہ ہمارے کل دفاعی بجٹ کے برابر ہو جائے تو ہم اس کا کیسے مقابلہ کر سکیں گے، ہمیں بھارت سے مقابلہ کرنے کے لئے اس سے زیادہ ترقی کرنا ہو گی، آج لوگ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بھول کر اپنی نوکریاں اور چھت بچانے میں مصروف ہیں۔