کراچی کو نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کا جدید شہر بنانے کیلئے پرعزم ہیں، شرجیل میمن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ کراچی کو نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کا سب سے جدید اور ترقی یافتہ شہر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومتِ سندھ کراچی کی ترقی کے لیے دن رات کام کر رہی ہے اور شہر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے, شہر کے بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت اور دیگر اہم شعبوں میں جامع منصوبہ بندی کے تحت کام جاری ہے تاکہ کراچی کو ایک جدید، پائیدار اور شمولیتی شہر بنایا جا سکے،کراچی میں سڑکوں اور ٹریفک کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے 194 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے جبکہ شاہراہِ بھٹو کوریڈور، ملیر ندی پل، مختلف انڈر پاسز اور فلائی اوورز جیسے منصوبوں پر کام جاری ہے، جو ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور شہریوں کی آمد و رفت میں بہتری کا باعث بنیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کے اہم ترقیاتی منصوبوں پر مارچ تک کام شروع ہو جائے گا اور معیار کے ساتھ وقت کی پابندی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں 9 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں کی توسیع اور نئے میڈیکل کالجز کے قیام کے لیے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ریڈ، ییلو اور اورنج لائن سمیت بی آر ٹی منصوبوں کے لیے 155.34 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ شہری ہر شعبے میں ترقی کا عملی اثر محسوس کریں۔ ہر منصوبہ اور ہر روپیہ شہریوں کی زندگی میں سہولت، بہتری اور خوشحالی لانے کے لیے خرچ کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے جامع حکمتِ عملی میں پائیدار انفرااسٹرکچر، معیاری تعلیم، صحت کی بہتر سہولیات، جدید ماس ٹرانزٹ، صاف پانی اور محفوظ رہائش شامل ہیں۔