نور مقدم قتل کیس کا فیصلہ محفوظ۔۔والدین کے ریمانڈ میں توسیع

Aug 23, 2021 | 15:29:PM
نور مقدم قتل کیس کا فیصلہ محفوظ۔۔والدین کے ریمانڈ میں توسیع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آبادنے نور مقدم قتل کیس میں تمام وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، ملزم ظاہر جعفر کے والدین سمیت 4 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ عطا ربانی نے نور مقدم قتل کیس میں تھراپی ورکس کے سی ای او ڈاکٹر، دیگر 5 ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، نور مقدم کے وکیل شاہ خاور بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
تھراپی ورکس کےسی ای او طاہر ظہور کے وکیل بیرسٹر ظفر اللّٰہ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ایف آئی آرمیں میرے ملزم کا نام نہیں پھر بھی گرفتار کیا گیا ہے، میرے موکل کا تھراپی ورک کا کام ہے، لوگوں کا علاج کرتے ہیں۔
بیرسٹر ظفر اللّٰہ نے کہاکہ طاہر ظہور کے ملازم گھر کے اندر دروازہ توڑ کر داخل ہوئے، ملزم ظاہر جعفر نے نور مقدم کو قتل کیا، پھر اپنے والدین کو بتایا، والدین نے تھراپی ورکس والوں کو کال کی کہ وہاں جاکر بیٹے کو دیکھیں۔
بیرسٹرظفراللّٰہ نے بتایا کہ ملزم (میرے موکل) پر الزامات لگائے گئے کہ انہوں نے شواہد چھپانے کی کوشش کی جبکہ میرے موکل طاہر ظہور واقعے کے وقت جائے وقوعہ پر موجود بھی نہیں تھے، ان کی عمر 73 سال ہے، قانون کے مطابق ان پر ایساالزام نہیں کہ پولیس انہیں جیل میں رکھے، میرے موکل شوگر، قلب اور کڈنی کے مرض میں مبتلا ہیں۔
ڈاکٹر طاہر ظہور کے وکیل بیرسٹرظفراللّٰہ نے کہا کہ میرے موکل پر الزام کے ثبوت نہیں ہیں، تھراپی ورکس کے جو لوگ بھیجے ان میں سے ایک زخمی بھی ہوا، ملزم امجد کے وکیل شہزاد قریشی نے بھی عدالت کے سامنے دلائل دیئے۔
ملزم امجد کے وکیل نے کہاکہ امجد کی میڈیکل رپورٹ کورٹ میں پیش کی ہے،وہ کیس کے اندر سب سے بہترین گواہ تھا، امجد کو ملزم ظاہر ذاکر جعفر نے چھری کے وار کرکے زخمی کیا، اگر ہم ثبوت مٹاتے تو امجد کیسے زخمی ہوتا۔ ہم نے ہی پولیس کو فون کرکے بلایا، جبکہ وقوعہ کے 18 دن بعد ہمیں ملزم بنایا گیا، ہمارا رول دوران تفتیش سامنے آئے گا، استدعا ہے کہ ضمانت منظور کی جائے۔
مدعی وکیل شاہ خاور نے عدالت کے سامنے دلائل دیئے کہ دوران تفتیش کال ریکارڈ اور سی سی ٹی وی ویڈیو کا ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے،رابطوں کے باعث تھراپی ورکس، ظاہر جعفر کے والدین اور ملازمین کو گرفتار کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ تھراپی ورکس کے سی ای او کا ملزم ظاہر جعفر کے والد سے رابطہ ہوا تھا، واقعے کے دن ملزم ظاہر جعفر کے والد نے تھراپی ورکس والے کو کال کی، ذاکر جعفر، عصمت آدم جی کی ضمانت بعد ازگرفتاری کا فیصلہ آیا، انہوں نے چیلنج نہیں کیا،تھراپی ورکس کا ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست دائر کرنا کوئی جواز نہیں ہے۔
مدعی وکیل نے کہاکہ تھراپی ورکس کے ملازمین جائے وقوعہ پر پہنچے تو امجد زخمی ہوا، امجد زخمی ہوا لیکن اس نے پولیس کو واقعے کی اطلاع نہیں دی، امجد کو پہلے پرائیویٹ ہسپتال لے کر گئے جس پر ہسپتال والوں نے کہا پولیس کیس ہے۔
وکیل شاہ خاور نے دلائل میں کہاکہ تھراپی ورکس والوں کو ایسے دکھایا جا رہا ہے جیسے وہ ری ہیبلیٹیشن سینٹر ہے، امجد ہسپتال سے ڈسچارج ہوا تو اس کی سرجری کی رپورٹ کہیں واضح نہیں۔
سرکاری وکیل نے کہاکہ ظاہر جعفرکے والد ذاکر جعفر کو معلوم تھا کہ قتل ہو رہا ہے،پولیس کسی ہمسائے کے کہنے پر جائے وقوعہ پر پہنچی، کسی نے کال پر پولیس کو نہیں بتایا، ظاہر جعفر کے والدین کی ضمانت اسی لئے نہیں مانی گئی کیونکہ انہوں نے پولیس کو نہیں بتایا تھا۔ دلیپ کمار زخمی امجد کے ساتھ اسپتال گیا اور دلیپ کمار نے ہسپتال کو بتایا روڈ حادثہ ہے، 7 بجے انہیں معلوم ہوگیا تھا کہ قتل ہو رہا ہے لیکن انہوں نے پولیس کو نہیں بتایا اور اس کے بجائے ثبوت مٹانے کی کوشش کی۔ ظاہر جعفر کے والدین 7سے 9 بجے تک جائے وقوعہ پہنچ گئے تھے لیکن تب بھی پولیس کو نہیں بتایا گیا۔
فریقین کے دلائل مکمل ہوجانے کے بعد عدالت نے نورمقدم قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا اور ملزم ظاہرجعفرکے والدین سمیت 4ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈمیں 6 ستمبرتک توسیع کردی۔
یہ بھی پڑھیں:اوباش افراد کی اغوا کے بعد خاتون سے اجتماعی زیادتی