قیمتیں آسمان پر! قربانی کے جانورعوام کی پہنچ سے باہر ہو گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک )قربانی کے جانوروں کی قیمتوں پر مویشی منڈیوں میں خریدار اور بیوپاری آمنے سامنے آ گئے ہیں، جہاں ایک طرف خریدار قیمتوں کو بے حد زیادہ قرار دے رہے ہیں تو دوسری جانب بیوپاری کا مؤقف ہے کہ بڑھتے ہوئے اخراجات اور مارکیٹ ڈیمانڈ کے باعث قیمتیں مناسب ہیں۔
مویشی منڈیوں میں عام نسل کے بکرے اور چھترے 90 ہزار سے ایک لاکھ 25 ہزار روپے تک فروخت کیے جا رہے ہیں جبکہ اعلیٰ نسل کے بکرے دو لاکھ سے چار لاکھ روپے تک مانگے جا رہے ہیں۔ اسی طرح درمیانے درجے کے بیل اور بچھڑے تین لاکھ سے سات لاکھ روپے جبکہ اچھی نسل اور زیادہ وزن والے جانور آٹھ لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک دستیاب ہیں۔ اونٹوں کی قیمتیں پانچ لاکھ روپے سے شروع ہو کر 20 لاکھ روپے تک پہنچ رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:چین اور روس نےدنیا کو خبردار کر دیا
بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ قربانی کے جانور کی قیمت کسی ایک پیمانے پر مقرر نہیں کی جاتی بلکہ اس میں کئی عوامل شامل ہوتے ہیں، بہاولپور سے بکرے فروخت کرنے کے لیے آنے والے بیوپاری عبدالرحمن نے بتایا کہ جانور کی نسل، وزن، صحت، خوبصورتی، قد و قامت اور مارکیٹ میں طلب کے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمت مقرر کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق اچھی نسل اور خوبصورت جانوروں کی طلب زیادہ ہونے کے باعث ان کی قیمت بھی نسبتاً زیادہ رکھی جاتی ہے۔
ایک اور بیوپاری نے کہا کہ جانوروں کی خوراک، دیکھ بھال، ادویات اور ٹرانسپورٹ پر آنے والے اخراجات بھی قیمت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منڈی میں جس نسل یا وزن کے جانور کی طلب زیادہ ہو، اس کی قیمت خود بخود بڑھ جاتی ہے جبکہ کم طلب والے جانور نسبتاً کم قیمت پر فروخت ہوتے ہیں۔