سلمان خان نے سنگین بیماریوں میں مبتلا ہونے کا انکشاف کردیا،مداح پریشان

Jun 22, 2025 | 12:15:PM
سلمان خان نے سنگین بیماریوں میں مبتلا ہونے کا انکشاف کردیا،مداح پریشان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے ایک سے زائد سنگین بیماریوں میں مبتلا ہونے کا انکشاف کرکے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا۔

سلمان خان نے حال ہی میں"دی گریٹ انڈین کپل شو" میں شرکت کی،جس میں مداح ان کی شاندار فٹنس دیکھ کر دنگ رہ گئے کیونکہ حالیہ مہینوں میں ان کی صحت کو لے کر کئی افواہیں زیرگردش تھیں۔

سلمان خان نے شو میں گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ وہ کئی خطرناک بیماریوں سے نبرد آزما ہیں، مگر اس کے باوجود کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

شوکے میزبان کپل شرما نے سلمان خان سے شادی نہ کرنے کی وجہ پوچھی تو سلمان خان نے نہایت بے ساختہ انداز میں جواب دیا کہ ہم روز ہڈیاں تڑوا رہے ہیں، پسلیاں ٹوٹ چکی ہیں، ٹریجمنل نیورالجیا کے ساتھ کام کر رہے ہیں، دماغ میں انیورزم ہے، اس کے باوجود کام کر رہے ہیں، اے وی مالفارمیشن بھی ہے، پھر بھی چل رہے ہیں۔

یہ سن کر نہ صرف کپل شرما بلکہ ناظرین بھی حیران رہ گئے کہ اتنی طبی پیچیدگیوں کے باوجود بالی ووڈ کے سلطان دن رات کام میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ ٹریجمنل نیورالجیاایک دائمی اعصابی بیماری ہے جس میں چہرے میں شدید اوربجلی کے جھٹکے جیسا درد ہوتا ہے، یہ درد اچانک اور مختصر دورانیے کا ہوتا ہے مگر ناقابلِ برداشت ہوتا ہے،اسے "سوسائیڈ ڈیزیز" بھی کہا جاتا ہے کیونکہ کئی مریض اس درد کی شدت سے خودکشی کی جانب مائل ہو جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:عائزہ خان اوردانش تیمورنے شوبزچھوڑنے کاعندیہ دیدیا

برین انیورزم دماغ کی کسی خون کی نالی کمزور ہونے کی وجہ سے پیدا ہونے والا ایک ابھار ہوتا ہے،یہ عام طور پر خاموشی سے بڑھتا ہے اور جب پھٹتا ہے تو دماغ میں خطرناک حد تک خون بہنے کا سبب بن سکتا ہے جسے ہیمرجک اسٹروک کہا جاتا ہے جبکہ اے وی مالفارمیشن ایک نایاب بیماری ہے جس میں دماغ یا ریڑھ کی ہڈی میں شریانیں اور رگیں غیرمعمولی انداز میں جُڑ کر الجھ جاتی ہیں،یہ خون کے معمول کے بہاؤ کو متاثر کرتا ہے اور بیہوشی، جھنجھناہٹ کا احساس، سر درد یا دماغی خلل جیسی سنگین طبی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے۔