پی ٹی آئی کی بڑی وکٹ گر گئی،اہم شخصیت کی ن لیگ میں شمولیت

ماضی میں جو ہوا وہ گزر گیا، اب ہم ایک ہیں، ہمارا قائد نواز شریف ہے،انجینئر امیر مقام

Dec 22, 2025 | 13:06:PM
پی ٹی آئی کی بڑی وکٹ گر گئی،اہم شخصیت کی ن لیگ میں شمولیت
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی ایک بڑی وکٹ گرگئی۔
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے آزاد کشمیر کے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، جس میں اعلان کیا گیا کہ حلقہ شرقی باغ سے رکن قانون ساز اسمبلی سردار میر اکبر مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے۔
پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر مختلف حلقوں میں اپنے ساتھیوں کو واپس اپنے گھر لارہی ہے، کچھ لوگ جو کسی وجہ سے ہمارے ساتھ نہیں رہے تھے، ان کو ساتھ لا رہے ہیں، ہماری خواہش تھی سردار میر اکبر واپس مسلم لیگ ن میں آئیں اور آج وہ پارٹی میں شامل ہورہے ہیں، ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔
لیگی رہنما راجا فاروق حیدر خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میر اکبر ہمارے ساتھ شامل ہی شامل تھے، ان کی شمولیت سے ضلع باغ میں پارٹی مضبوط ہوگی اور آئندہ انتخابات میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمتوں کے مواقع:نئی آسامیوں کا اعلان
 راجا مشتاق احمد منہاس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پارٹیوں میں آنا جانا لگا رہتا ہے، اچھے اور برے وقت بھی آتے ہیں، تاہم پارٹی کے ساتھ وابستگی شک و شبہے سے بالا تر رہنی چاہیے۔
وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ماضی میں جو ہوا وہ گزر گیا، اب ہم ایک ہیں، ہمارا قائد نواز شریف ہے، کشمیر کا مسئلہ ہماری اولین ترجیح ہے، کشمیر کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کریں گے، کشمیری پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں اور فرنٹ لائن پر ڈٹے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، اپنے حق کے لیے پاکستان آخری حد تک جانے کے لیے بھی تیار ہے، کشمیر کا مقدمہ معرکۂ حق کے بعد پہلی بار دنیا پر واضح ہوا ہے، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کو مضبوط اور منظم دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔

سردار میر اکبر خان چار بار رکن اسمبلی اور متعدد بار وزیر رہ چکے ہیں، 2021 کے انتخابات میں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی،وہ  ماضی میں دو بار مسلم لیگ (ن) اور ایک بار مسلم کانفرنس اور ایک بار پی ٹی آئی سے منتخب ہوئے تھے۔