علی امین گنڈاپور کی بحالی کیلئے دائر درخواست سیاسی ڈرامہ ہے،حتمی فیصلے عمران خان کرتے ہیں؛شفیع جان

May 21, 2026 | 18:52:PM
علی امین گنڈاپور کی بحالی کیلئے دائر درخواست سیاسی ڈرامہ ہے،حتمی فیصلے عمران خان کرتے ہیں؛شفیع جان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک رحمان) صوبائی وزیر شفیع جان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی بحالی کیلئے دائر درخواست سیاسی ڈرامہ ہے،پی ٹی آئی میں حتمی فیصلے عمران خان کرتے ہیں۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی آئینی عدالت میں دائر حالیہ درخواست بدنیتی، سیاسی ڈرامہ اور پارٹی مخالف ایجنڈے کا تسلسل ہے،پارٹی ڈسپلن کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے عناصر اب پارٹی مخالف قوتوں کے بیانیے کو تقویت دے رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ یہ سوال اٹھنا فطری ہے کہ آخر خیبرپختونخوا حکومت اور پارٹی قیادت کے خلاف محاذ کس کی ایما پر کھولا جا رہا ہے۔ 

وفاقی آئینی عدالت میں دائر درخواست دراصل ایک سیاسی ڈرامہ اور میڈیا سٹنٹ ہے جس کا مقصد پارٹی کے اندر انتشار پیدا کرنا اور عوام کو گمراہ کرنا ہے،عمران خان پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور قائد ہیں، اور پارٹی میں فیصلے کا حتمی اختیار انہی کے پاس ہے۔

شفیع جان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کسی سازش یا منفی پراپیگنڈے سے خوفزدہ نہیں ہوں گے،پارٹی کارکنان اور پوری قوم باشعور ہے اور بخوبی جانتی ہے کہ پارٹی کے خلاف بیانیہ کون اور کیوں بنا رہا ہے

پارٹی قیادت متحد ہے اور تمام تر سیاسی چیلنجز کا مقابلہ کیا جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھیں : پاکستان پہلا ملک تھا جس نے چین کو تسلیم کیا،ہمیشہ ون چائنہ پالیسی کی حمایت کی؛شہبازشریف