ن لیگ نے تحفظ ناموس رسالت کے حوالے سے اپنافیصلہ سنا دیا

Apr 21, 2021 | 19:45:PM
ن لیگ نے تحفظ ناموس رسالت کے حوالے سے اپنافیصلہ سنا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)مسلم لیگ (ن) تحفظ ناموس رسالت پر پختہ ایمان رکھتی ہے، ایسی مشترکہ قرار داد تیار کی جارہی ہے جو کہ ایوان کے گزشتہ روز کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان کی عوام کی خواہشات اور مرضی کی عکاسی کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کے چیف وہپ مرتضٰی جاوید عباسی نے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کے نام خط لکھ دیا۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) تحفظ ناموس رسالت پر پختہ ایمان رکھتی ہے۔ ایوان میں پیش کرنے کے لئے مشترکہ قرار داد کی تیاری کے سلسلے میں کچھ وضاحتیں اور معلومات درکار ہیں جو فوری بنیادوں پر فراہم کی جائیں۔
 وزیر اطلاعات سمیت وفاقی وزرا گزشتہ روز میڈیا میں بار بار بیانات دے چکے ہیں کہ حکومت کا کام ایوان میں صرف ایک قرار داد پیش کرنا تھا، کیا اس کا مطلب ہے کہ حکومت اس معاملے پر مزید کسی قسم کی کارروائی کا حصہ نہیں بننا چاہتی ؟ 
ایوان کو گزشتہ روز بتایا گیا کہ قرار داد ایک تنظیم کے ساتھ معاہدے کی بنیاد پر پیش کی گئی جسے حال ہی میں حکومت کالعدم قرار دے چکی ہے ، مطالبہ کیا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے اس معاملے پر کئے گئے تمام معاہدوں کی کاپیاں مہیا کی جائیں ۔
وزیر اعظم نے 19 اپریل کو قوم سے خطاب کیا ، کیا ان کے نکتہ نظر کو اس معاملے پر حکومت کا پالیسی بیان تصور کیا جائے ؟ اگر ایسا ہے تو گزشتہ روز ایوان میں قرار داد پیش کرنے کا مقصد کیا تھا کیونکہ یہ وزیر اعظم کے بیانات سے متصادم ہے، گزشتہ روز پیش کی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی تعلقات کا تعین کرنا صرف ریاست کا کام ہے، مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وزیر اعظم ، وزیر خارجہ ، وزیر داخلہ اور ڈی جی آئی ایس آئی فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق ایوان میں بحث کے لئے لائی جانے والی قرار داد کے معاملے پر ریاستی پالیسی بارے ایوان میں بریف کریں۔
خط میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ گزشتہ 10 روز میں پیش آنے والے واقعات کے تناظر میں امن و امان کی صورت حال بارے حقائق جاننے کے لئے کیا کوئی تحقیقات شروع کی گئی ہیں، قیمتی جانوں کے ضیاع پر کسی کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے ؟ قائد ایوان تحفظ ناموس رسالت کے معاملے پر ایوان میں بحث کے آغاز کے لئے کب دستیاب ہوں گے؟ اور آیا اس معاملے پر اپنی حکومت کی پالیسی پیش کریں گے ؟ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے معلومات جلد از جلد فراہم کی جائیں ۔ 
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے انسٹاگرام پر امیتابھ کی فلم کا کلپ پوسٹ کرکے ڈیلیٹ کردیا