نیا نظام رائج ،حکومت اب بجلی نہیں خریدے گی:اویس لغاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ اب حکومت بجلی نہیں خریدے گی ،بجلی کی خریدوفروخت کے حوالے سے نیا نظام رائج کردیاگیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس احمد خان لغاری کا کہنا تھا عوام کو سستی بجلی کی فراہمی ترجیح ہے، آئندہ پانچ سال میں 800 میگاواٹ بجلی کی نیلامی کی جائے گی، پہلےمرحلےمیں400 میگاواٹ نیلامی کے لیے پیش کئے جارہے ہیں، کاروباری ادارے اور صنعتیں مسابقتی بنیادوں پر پاورپلانٹس سے بجلی خرید سکیں گے۔
اویس لغاری کا کہنا ہے کہ حکومت آج سے بجلی کی خریداری سے عملی طور پر باہر ہو رہی ہے، کسی کو حق نہیں ہوگا کہ حکومت کو بجلی بیچ سکے اور نہ حکومت خرید سکے گی۔
ان کا کہنا تھا اس وقت حکومت ایک نظام کے تحت بجلی خریدکر عوام تک پہنچاتی ہے، بجلی کی خریداری کی شرائط سےمتعلق عوام کے ہمیشہ سوالات رہے ہیں، آئی پی پیز کا نام آج بدنام ہوچکا ہے۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ حکومت آج سے بجلی کی خریداری سے عملی طور پر باہر ہو رہی ہے، کسی کو حق نہیں ہوگا کہ حکومت کو بجلی بیچ سکے اور نہ حکومت خرید سکے گی، ملک میں بجلی پیداکرنے والے اور استعمال کرنے والے آپس میں خود خرید و فروخت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:سکولوں سے متعلق اہم خبر!وزیراعلیٰ نے خوشخبری سنا دی
انہوں نے بتایا کہ بجلی کی خرید و فروخت کا نظام شفافیت پر مبنی ہوگا، اس نظام کا اطلاق سب سے پہلے صنعتی یا بڑے صارفین پر ہوگا، آنے والے سالوں میں بجلی کی ایک منڈی بنے گی، اس نظام کے تحت ایک عام صارف بھی اپنی مرضی سے بجلی خرید سکے گا، اب حکومت بجلی خرید کر زبردستی اپنے ریٹس پر عوام کو نہیں بیچ سکے گی۔
اویس لغاری کا کہنا تھا پہلے مرحلے میں ایک میگاواٹ سے بڑے صارفین اس سے مستفید ہوں گے، سستی بجلی ملنے سے انڈسٹری عالمی منڈی میں مسابقت برقرار رکھ پائے گی، ہماری صنعتیں عالمی منڈیوں میں اپنی مصنوعات برآمد کر سکیں گی۔