وزیر اعلی مریم نواز کی باکو میں کامیاب سفارتکاری، پنجاب کیلئے نئی اقتصادی راہیں کھل گئی

May 20, 2026 | 14:23:PM
وزیر اعلی مریم نواز کی باکو میں کامیاب سفارتکاری، پنجاب کیلئے نئی اقتصادی راہیں کھل گئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤ دلشاد)ورلڈ اربن فورم پر پاکستان اور آذربائیجان کے معاشی تعلقات میں نیا موڑ،وزیر اعلی مریم نواز شریف کی باکو میں کامیاب سفارت کاری، پنجاب کے لیے نئی اقتصادی راہیں کھل گئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے وزیرِ اقتصاد مائیکل جباروف سے ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، شہری ترقی، زراعت، لاجسٹکس، سیاحت، توانائی اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اس موقع پر اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کی سہولت کاری کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے نامزد کردہ سینیئر وزیر مریم اورنگزیب مشترکہ ورکنگ گروپ کی سربراہی کریں گی، جبکہ دونوں ممالک کے متعلقہ سرکاری ادارے اور تکنیکی ماہرین بھی اس میں شامل ہوں گے، ورکنگ گروپ ترجیحی شعبوں کی نشاندہی، جوائنٹ وینچرز، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ   مواقع، سرمایہ کاروں کی سہولت کاری اور منصوبہ جاتی ہم آہنگی پر کام کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:’کاکروچ جنتا پارٹی‘، بھارتی چیف جسٹس کے ریمارکس پر سیاسی تحریک چل پڑی

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ انفراسٹرکچر، ہاؤسنگ، زراعت، سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے لیے جامع فریم ورک تیار کیے جائیں گے، جبکہ کاروبار میں آسانی اور ریگولیٹری سہولت کاری کے لیے مؤثر میکانزم بھی وضع کیا جائے گا، ورکنگ گروپ کو ہدایت دی گئی ہے کہ آئندہ چند ماہ میں قابلِ عمل تجاویز پیش کی جائیں تاکہ سیاسی خیر سگالی کو عملی اقتصادی نتائج میں تبدیل کیا جا سکے۔

فریقین کے درمیان پاکستان اور آذربائیجان کے مابین ترجیحی تجارتی معاہدے   کے امکانات پر بھی غور کیا گیا، جس کا مقصد مارکیٹ تک رسائی بہتر بنانا، تجارتی رکاوٹیں کم کرنا اور دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے وزیرِ اقتصاد کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی اور پنجاب میں جاری اقتصادی اصلاحات سے آگاہ کیا، انہوں نے لینڈ یوز پالیسی اصلاحات، اسپیشل اکنامک زونز اور ’’پنجاب اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان‘‘ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صنعتی جدید کاری، برآمدات اور ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

مزید پڑھیں:ایرانی ریال ریٹ میں نئی تبدیلی، خریدار متحرک

ملاقات میں آذربائیجانی سرمایہ کاروں کے لیے سمارٹ سٹیز، رئیل اسٹیٹ، ہاسپیٹلٹی، ایگری ویلیو چینز، لاجسٹکس اور آئی ٹی انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے نئے قائم کردہ ورکنگ گروپ کے ذریعے قریبی ادارہ جاتی رابطے برقرار رکھنے اور مذاکرات کو قابلِ سرمایہ کاری منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے فالو اپ سرگرمیوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا، اس موقع پر پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان طویل المدتی اور منظم اقتصادی شراکت داری کے فروغ کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔