لانگ مارچ جلاؤ گھیراؤ کیس،پی ٹی آئی رہنماؤں کے حوالے سے عدالت سے بڑی خبر آگئی

Jun 20, 2022 | 10:03:AM
لانگ مارچ جلاؤ گھیراؤ کیس،پی ٹی آئی رہنماؤں کے حوالے سے عدالت سے بڑی خبر آگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں کو کنفرم کرتے ہوئے ان کی ضمانتیں منظور کر لیں۔ 

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں 25 مئی کو ہونے والے لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی جس دوران میں پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری ، شہریار آفریدی ، علی محمد خان ، اسد عمر، فیصل جاوید اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے،دوان سماعت فاضل جج نے استفسار کیا کہ ابھی عدالت میں کون کون سے ملزمان پیش ہوئے ہیں اور وکیل کے بتانے پر جج نے ملزمان کو ہدایت کی کہ آپ کی حاضری لگ گئی ہے آپ بے شک چلے جائیں۔

اس موقع پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ تھانہ ترنول، گولڑہ اور آئی نائن کے مقدمے میں کوئی شامل تفتیش نہیں ہوا، میں تفتیشی کو پابند کر دیتا ہوں آپ شامل تفتیش ہو جائیں۔

ذرائع کے مطابق عدالت نے تمام مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتوں کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کر لیا جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے تمام افراد کی عبوری ضمانتیں کنفرم کر دی گئیں۔ 

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے قاسم سوری، شہریار آفریدی، علی محمد خان، اسد عمر، فیصل جاوید، شیراز بشارت، راجہ خرم نواز، شیخ رشید، مراد سعید، پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی اور دیگر کی ضمانتیں منظور کرلیں۔

یہ بھی پڑھیںبڑی خبر۔ق لیگ کے تمام عہدیدار وں نے  استعفیٰ دیدیا